کراچی(نیوز ڈیسک)سندھ حکومت نے صوبے میں 11مقامات پر دفعہ 144 نافذ کردی، جس کے تحت 2 ماہ کیلئے جلسے جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں پر پابندی عائدہوگی، پابندی کا اطلاق صوبے کی ہائی ویزپر بھی ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں دفعی 144نافذ کرنے کانوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت صوبے میں 11 مقامات پر2 ماہ کیلئے جلسے جلوس، احتجاجی مظاہروں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔، پابندی کا اطلاق 17اپریل سے آئندہ 2 ماہ کیلئے ہوگا۔ صوبے کے مختلف مقامات سمیت ہائی ویز پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
اندرون شہر جانے والی شاہراؤں پر دھرنے نہیں دیے جائیں گے، نیشنل ہائی، انڈس ہائی وے اور ریلوے ٹریک ، ناردرن بائی پاس، حب روڈ،ماڑی پور، شارع فیصل، لیاری ایکسپریس وے، ودیگربھی شامل ہیں۔ دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے نام لکھے گئے خط میں آگاہ کیا کہ گزشتہ چند روز سے کراچی سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں چند شرپسند عناصر ناجائز احتجاج اور دھرنے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ان حالات کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو قیام امن میں چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی حکومت کا بڑا واضح موقف ہے کہ قانون کی بالادستی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرے اور ان شرپسند عناصر کی وجہ سے پیدا ہونے والے ٹریفک کے تعطل کو ختم کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ایسے تمام اور دیگر چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے پرعزم ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن کوششوں کو یقینی بنا رہی ہے۔ گورنر سندھ نے اپنے خط میں کورونا وائرس کی وباکا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر نے پاکستانی عوام کو بری طرح متاثر کیا ہے لیکن الحمد اللہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس وباکو محدود کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل کے ساتھ پوری طرح
پرعزم اور بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں صوبہ سندھ میں مثبت کیسز کا تناسب کافی کم ہے تاہم ہمیں اس قدر مستحکم صورتحال کو برقرار رکھنے اور بہتر بنانے کے لئے مزید متحرک اور محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ این سی او سی اس ضمن میں تمام صوبوں کے ساتھ ایک جامع اور متفقہ حکمت عملی مرتب کر رہی ہے۔ گورنر سندھ نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور خصوصا متذکرہ پیچیدہ امور کو حل کرنے میں حکومت سندھ کی معاونت و مددگار رہے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی
حکومتوں کے مابین عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے باہمی ہم آہنگی کے فروغ اور ہر قسم کی مدد اور تعاون فراہم کرنے کے سلسلے میں وہ اپنی آئینی ذمہ داریوں کو متحرک طریقے سے ادا کرتے رہیں گے۔ گورنر سندھ نے اپنے خط میں وزیراعلی سندھ کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ رب العزت ہم سب کو اس مہینے کی برکتوں اور فضیلتوں کے طفیل سلامتی اور مغفرت عطافرمائے۔









