وزیراعظم نے ”کوئی بھوکا نہ سوئے“ پروگرام کا افتتاح کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ”کوئی بھوکا نہ سوئے “پروگرام کا افتتاح کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل کچن کے ذریعے لوگوں کو گھروں میں کھانا پہنچایا جائے گا، جب لوگوں کو گھروں میں دووقت کی روٹی ملے گی تو اللہ کی برکت آئے گی، کوئی بھوکا نہیں سوئے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کی ورچوئل افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمان والے لوگ جانتے ہیں کہ پیارے رسول ﷺ نے سیدھا راستہ دکھایا، آپ ﷺ نے ریاست مدینہ کا جو راستہ دکھایا، دنیا کی تاریخ میں وہ واحد مہذب معاشرہ بنا، پاکستان کلمے کی نام پر بنا،

لیکن ہم اس راستے پر کیوں نہیں چلے، ہمارے ملک پر قرض ہے، عوام پر خرچ کرنے کیلئے کم پیسے ہیں، اس کے باوجود ہم پر ذمہ داری ہے ہم عوامی فلاح کی ذمہ داری لیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ مدینہ کی ریاست سب سے بڑی قوم بن کر ابھری تھی، کمزور طبقے کو اوپر اٹھانا ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست ذمہ داری لےگی گھروں پر کھانا پہنچائےگی تو اللہ کی برکت آئیگی، سیلانی ٹرسٹ کا قوم کی جانب سے خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا میں ہمارا ملک ان چند ملکوں میں سے ہےجو سب سےزیادہ خیرات دیتے ہیں، خیرات سے شوکت خانم اسپتال بنا ،75فیصد سےزائد مریضوں کا مفت علاج کیا، پشاور میں بھی شوکت خانم اسپتال بن چکا ہے، اب کراچی میں بننے جارہاہے، شوکت خانم اسپتال میں اب تک غریبوں کے علاج پر پچاس ارب خرچ کیا ہے، یہ پیسہ قوم کا ہے جن سے غریبوں کا علاج کیاگیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مختلف شہروں میں مزدوروں کیلئے پناہ گاہیں بنائی گئی ہیں، مزدور پناہ گاہ میں ٹھہر کر پیسہ گھر تو بھیج سکتے ہیں، رمضان کے مبارک مہینے سے پہلے ہم نے کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کاآغازکیا، اب مخیر حضرات حکومت کے ساتھ ملکر اس پروگرام کو بڑھا سکتے ہیں۔پنجاب اور کے پی وزرائے اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار اور محمودخان نے مشکل حالات میں ہیلتھ کارڈ کیلئے پیسہ رکھا، اس اسکیم کے تحت دس لاکھ روپے تک کسی بھی اسپتال میں علاج کرایا جاسکتاہے، اسپتال کی کارکردگی بہتر نہیں ہوگی تو سزا اور جزا کا قانون ممکن ہوسکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں