لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) رمضان المبارک کا چاند 13 اپریل کو دکھائی دینے کا امکان ہے، جس کے باعث پہلا روزہ 14 اپریل بروز بدھ کو ہوگا، رمضان المبارک میں موسم گرم اور خشک رہے گا، پہلے 15 روزوں کے بعد درجہ حرارت میں اضافہ ہوجائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورشہر میں 13 اپریل کو مطلع صاف رہے گا، جس کے باعث 13 اپریل کو رمضان المبارک کا چاند دکھائی دینے کا قوی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران موسم گرم، خشک رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ پہلے 15 روزوں کے بعد درجہ حرارت میں اضافہ ہوجائے گا، اسی طرح رمضان المبارک کے۔ دوسری جانب حافظ طاہر اشرفی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں کہیں بھی مساجد یا مدارس کی رجسٹریشن
منسوخ نہیں کی گئی، حکومت کسی مدرسے یا مسجد پر قبضہ نہیں کر رہی بلکہ آج مدرسہ اور مسجد پہلے سے زیادہ محفوظ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسجد میں فاصلہ تقریب ہر جگہ موجود ہے، رمضان المبارک میں بھی احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا جائے، گزشتہ سال کی کورونا ایس او پیز پر اس بار بھی عمل درآمد ہو گا، عبادت اور احتیاط ساتھ ساتھ ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی مساجد اور مدارس میں ایس او پیز پر عمل ہو رہا ہے، پاکستان میں کسی مسجد یا مدرسے کو بند نہیں کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اس بار پشاور میں ہو رہا ہے، رویت پر اتفاق کے لیے اجلاس پشاور میں بلایا گیا ہے، اس بار ایک ہی دن رمضان اور ایک ہی دن عید کا اعلان کریں گے۔









