اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تجزیہ نگار صابر شاکر نے دعویٰ کیا ہے کہ جانگیر ترین نے نئی سیاسی جماعت بنانے کی شروعات کر دی ہے۔ ان لوگوں نے مل کر پی ٹی آئی میں ایک فارورڈ بلاک بنا دیا ہے۔ ارکان اسمبلی کیلئے عشائیہ ایک پاور شو تھا جس کا مقصد دراصل ایک نئی جماعت کی بنیاد رکھنا تھا ۔ صابر شاکر کا مزید کہنا تھا کہ اس نئی سیاسی جماعت میں مسلم لیگ ن کے لوگ بھی آئیں گے اور پی ٹی آئی کے وہ ٹکٹ ہولڈر جو الیکشن ہار گئے تھے وہ بھی اس پارٹی کا حصہ بنیں گے ۔اس کے علاوہ بہت سے الیکٹیبلز بھی اس جماعت میں آئیں گے یہ پنجاب کی سیاسی جماعت ہوگی اور پنجاب پر ہی اپنا فوکس کرے گی۔
یہ لوگ پنجاب میں نقب لگائیں گے، اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ ان کیساتھ پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی اتحاد کرے گی۔جہانگیر ترین جن کو سپریم کورٹ نے نا اہل قرار دیا اور ایف آئی اے میں ان کیخلاف انکوائری جا رہی ہے۔ انہوں نے پاور شو کرکےعمران خان واضح پیغام دیدیا ہے ۔یہ وہی لوگ ہیں جو جہانگیر ترین کے کہنے پر پی ٹی آئی میں آئے تھے۔ عمران خان نے یہی غلطی کی تھی کہ الیکٹیبلز کے پیچھے پڑ گئے۔ اور کہا پی ٹی آئی میں آتے جائیں اور پی ٹی آئی کا مفلر پہنتے جائیں۔عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا ہم عدالت سے بھاگ نہیں رہے، عدالت جب بھی بلائے گی پیش ہوں گے، ان شاء اللہ عدالت سے سرخرو ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر اسلام آباد میں بنی، یو ایس بی میں یہاں آئی، اور اس پر دستخط ہوئے، فون کال پر ٹیم بنائی گئی، جو ٹیم تحقیقات کر رہی ہے وہ فیئر نہیں ہے، تحقیقات کے لیے شفاف ٹیم بنائی جائے۔جہانگیر ترین کا کہنا تھا انکوائری ضرور کریں لیکن شفاف ٹیم بنائیں جو متنازع نہ ہو، ایسی ٹیم نہ ہو جو کسی کی فون کال پر کام کرے، جائز ،شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میری پارٹی ہے، ہم پارٹی میں ہیں اور رہیں گے، پارٹی میں نہیں رہیں گے تو کہاں جائیں گے۔









