وزیراعظم عمران خان حماد اظہر پر مہربان، وزیرخزانہ کے بعد ایک اور اہم ترین عہدے سے نواز دیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) حماد اظہر کو وزیر خزانہ کے بعد ایک اور اہم ترین عہدہ مل گیا، وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی مشاورتی کونسل کی تشکیل نو کر دی، وزیر خزانہ کونسل کے نائب چئیرمین ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی مشاورتی کونسل کی تشکیل نو کر دی۔ اقتصادی مشاورتی کونسل کی صدارت وزیراعظم کریں گے جب کہ وزیر خزانہ حماد اظہر اس کے وائس چیئرمین ہوں گے۔کونسل اقتصادی استحکام اور ترقی کیلئے اصلاحات کیلئے سفارشات مرتب کرے گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی غیرموجودگی میں وزیرخزانہ اجلاس کی صدارت کر سکتے ہیں۔

ای اے سی میں نجی شعبے کے ممبروں کے ساتھ ساتھ سرکاری ممبران بھی شامل ہوں گے۔اکنامک ایڈوائزری کونسل مشاورتی، اصلاحات اور پالیسی سازی کیلئے تشکیل دی گئی ہے جو مشاورتی عمل میں پالیسی اقدامات تجویز کرے گی۔اقتصادی مشاورتی کونسل، حکومت پاکستان کے ساتھ مشاورتی و استعداد کار میں اضافے پر مبنی تعلقات کار کے لیے کام کرے گی اور کُلی معیشت کے استحکام کے لیے اقدامات کی سفارش کرے گی تاکہ پائیدار اور مضبوط اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جاسکے۔بیان میں کہا گیا کہ کونسل، اقتصادی اداروں کے ساتھ مل کر اور ہم آہنگ انداز میں کام کرے گی، اقتصادی مشاورتی کونسل مشاورتی عمل کی پیروی کرتے ہوئے مالیاتی اور اقتصادی پالیسیوں کے شہریوں پر فلاحی اثرات میں اضافے کے لیے پالیسی اقدامات کی سفارش کرے گی، جبکہ اس کا بنیادی و حتمی ہدف تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مضبوط تجزیاتی اور شواہد پر مبنی اصلاحات و اقدامات کو فروغ دینا ہے۔وزارت خزانہ کونسل کے لیے مرکزی ایجنسی کے طور پر کام کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں