اسلام آباد (نیوز ڈیسک )سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آئی ہے ۔ ذرائع جے یو آئی کے مطابق سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن دو روز سے بخار میں مبتلا ہیں ، ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنی رائشگاہ پر موجود ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ مولانا فضل الرحمن کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ بھی منفی آئی ہے ۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے طبیعت ناسازی کی وجہ سے سیاسی سرگرمیاں معطل کردیں ۔ ذرائع کے مطابق سربراہ پی ڈی ایم کو ڈاکٹرز نے مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ترجمان جمعیت علمائے اسلام (ف) اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن تین
چار ماہ سے سفر کے باعث تھکن کا شکار ہیں۔اسلم غوری نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمن کے بخار میں کمی آئی ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کورونا ٹیسٹ منفی آ گیا، ان کی طبیعت ناساز ہونے کے سبب ڈاکٹروں نے کورونا ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیا تھا۔ پارٹی ترجمان کے مطابق ان کی سیاسی سرگرمیاں طبیعت ٹھیک ہونے تک منسوخ رہیں گی۔ترجمان نون لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو تیز بخار اور گلے میں شدید درد ہے ، ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کرایا گیا ہے۔ لیگی ترجمان نے مزید بتایا کہ ڈاکٹرز نے مریم نواز کو آرام کا مشورہ دیا ہے، وہ طبیعت کی ناسازی کے باوجود لاہور ہائی کورٹ گئیں۔









