مریم نواز کی طبیعت ناساز، تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کردیں

لاہور(نیوز ڈیسک)ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ طبیعت ناساز ہونے پر مریم نواز نے آئندہ 4 روز کے لیے سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردی ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی طبیعت ناساز ہے جس کے باعث انہوں نے آئندہ 4 روز کے لیے سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردی ہیں، مریم نواز کو تیز بخار اور گلے میں شدید درد ہے جب کہ ان کا کورونا کا ٹیسٹ بھی کرایا گیا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈاکٹرز نے مریم نواز کو آرام کا مشورہ دیا ہے جب کہ گزشتہ روز مریم نواز طبیعت کی ناسازی کے باوجود لاہور ہائی کورٹ گئی تھیں۔

دوسری جانب خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب ہونے والی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مریم بی بی کا کرونا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے، شاید کوئی انفیکشن ہوگیا جس کا علاج جاری ہے، ان کی جلد صحتیابی کیلئے بہت ساری دعائیں۔اپنے ایک اور ٹوئٹ میں حنا پرویز نے اپنے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی ہونے کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ الحمدللّٰہ ! میرا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے،اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ابھی تک مہلک وائرس سے بچی ہوئی ہوں، ساتھ ہی انہوں نے اپنی رپورٹ کا اسکرین شیئر کیا۔حنا پرویز بٹ نے اپنے ایک اور ٹوئٹ تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم بی بی کی طبیعت ناسازی کے باعث انہوں نے اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں منسوخ کر دیں ہیں، مریم بی بی کی جلدی صحتیابی کیلئے بہت زیادہ دعاگو ہوں۔ اللہ ان کو جلد از جلد صحتیاب کرے آمین۔واضح رہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ فضل الرحمن کی طبیعت بھی ناساز ہے، ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمن دو دن سے بخار میں مبتلا ہیں جبکہ مولانا کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن کی 2 بڑی جماعتوں کے قائدین صاحب فراش ہو گئے ہیں۔ اپوزیشن کی سیاست پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے۔ سینیٹ میں پیپلزپارٹی کے سینیٹر یوسف گیلانی کے اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد سے پی ڈی ایم میں شدید اختلافات دکھائی دے رہے ہیں۔ گذشتہ دنوں مریم نواز کھل کر پیپلزپارٹی کے خلاف بیان بازی کرتی دکھائی دیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری بھی ترکی بہ ترکی جواب دیتے رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں