اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے اپوزیشن لیڈر سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو سلیکٹڈ قراردے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نے کے رہنما راناء ثنااللہ کہتے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ کے بعد اب ایوان بالا کے قائد حزب اختلاف بھی سلیکٹڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ساتھ مل کر پاکستان پیپلزپارٹی نے نقصان کا سودا کیا ہے ، اپنے اس طرز عمل سے پیپلزپارٹی نے اپوزیشن کی سیاست کاجنازہ نکال دیا۔مسلم لیگ ن کے ایک اور رہنماء سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ بی اے پی سے پیپلزپارٹی کا الحاق ہمارے لیے حیران کن ہے ، ہمیں آج اس قسم کے فیصلے کی امید نہیں تھی کیوں کہ ایسا نہیں ہونا چاہیئے تھا ،
اس لیے اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے ہونے والے فیصلے پر ہمیں بہت افسوس ہوا ، پی ڈی ایم کے مستقبل کے متعلق آئندہ چند دن میں فیصلہ ہو جائے گا۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ لگتا ہے اب ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑنے کے بیانات کا سیزن شروع ہونے والا ہے؟شہباز گل نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثناءاللہ نے یوسف رضا گیلانی کو سلیکٹڈ قرار دے دیا ہے، پی پی پی کو عوام کو بتانا چاہئیے کہ کیا وہ سلیکٹڈ ہیں یا نواز شریف؟شہباز گل کا مزید کہناتھا کہ دونوں پارٹیاں فیصلہ کرلیں، اگر فیصلہ ہو گیا توعوام کو بھی بتا دیں۔









