لاہور (نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں میں 16 اضلاع میں ایک ارب 65 کروڑ روپے مالیت کی 1719ایکڑ اراضی واگزار کرالی گئی ، 14 ایف آئی آرز بھی درج کرادی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر کی جانے والی تازہ کارروائیوں میں ضلع نارووال میں 29 کروڑ کی 680 کنال اراضی ، جب کہ بہاولنگر میں 19کروڑ 10لاکھ روپے مالیت کی 164ایکڑ اراضی واگزار کرائی گئی ، اس کے علاوہ شیخوپورہ میں 737 کنال ، رحیم یار خان میں 188 ایکڑ جب کہ ننکانہ صاحب میں 278کنال اورپاکپتن میں 221کنال اراضی واگزارکرائی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں میں خانیوال ، اوکاڑہ ، گجرات ، بہاولپور ، ڈیرہ غازی خان ، سیالکوٹ ، مظفر گڑھ ، فیصل آباد اور ملتان میں بھی کروڑوں روپے مالیت کی اراضی سے قبضہ ختم کرالیا گیا۔حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کے نتیجے میں اب تک 4سو ارب سے زائد مالیت کی لاکھوں ایکڑ زمین واگزار کرا ئی جا چکی ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایک بیان میں بتایا کہ حکومتِ پنجاب کا قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے ، پنجاب حکومت نے سٹیٹ لینڈ پر قابض مافیاز کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا ہوا ہے، قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی 146,795 ایکڑ زمین کی مالیت تقریباً 438 ارب روپے بنتی ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ گزشتہ حکومتوں کی زیر سرپرستی پنجاب بھر میں قبضہ کی گئی تقریباً 87 فیصد سٹیٹ لینڈ ہم اب تک واگزار کروا چکے ہیں ، قبضہ مافیا سے واگزار کرواگئی زمین کی مالیت بھی اربوں روپے میں بنتی ہے، جس سے سرکاری خزانے میں جمع کروایا جائے گا۔پی ٹی آئی حکومت کا یہ موقف ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومتوں کے درمیان قبضہ مافیا کو حکومتی سرپرستی حاصل رہی اور بڑے پیمانے پر جگہوں پر قبضہ کیا گیا، لیکن گزشتہ پولیس یا کسی بھی ادارے کی جانب سے کسی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔









