اسلام آباد (نیوز ڈیسک) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری سے ٹیلی فونک رابط کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے اختلافی امور مشاورت سے طے کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو اختلافی امور پر مشاورت کے لیے 3 اپریل کو پارٹی کی سی ای سی کے اجلاس بلانے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان سینیٹ میں
اپوزیشن لیڈر سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں نے یوسف رضا گیلانی کی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں شکست کے معاملے پر جلد عدالت سے رجوع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری سے اختلافی امور کو اوپن نہ کرنے کی بھی درخواست کی۔خیال رہے کہ اس سے پہلے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے سے انکار کر چکے ہیں ، سابق صدر کہتے ہیں کہ مستعفی ہوکر اسمبلیوں کو چھوڑنا وزیر اعظم عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کو مضبوط کرانے کے مترادف ہے ، ایسے فیصلے نہ کیے جائیں جن سے ہماری راہیں جدا ہوجائیں۔









