بتایا جائے میں نے غلط کیا کہا ،اپنے بیان پر قائم ہوں، جاوید لطیف

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیان پر قائم ہیں،اگر ملک میں طاقتور لوگوں سے میری جان کو خطرہ ہو ،وہ آئین و قانون سے بالاتر ہوں تو کیا میں یہ نہیں کہوں گا کہ انہیں کٹہرے میں لایا جائے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے مزید کہا کہ اگر پاکستان پر کوئی دشمن حملہ کرے تو ہم مرنے مارنے پر تیار ہیں لیکن اس پاکستان کے لیے جس میں آئین و قانون کی بالادستی ہو۔مجھے بتایا جائے میں نے بیان میں غلط کیا کہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئین وقانون کی بالادستی ہونی چاہیے، بینظیر بھٹو کی شہادت کے

بعد جن کی نشاندہی ہوئی انہیں سزاملنی چاہیے تھی ہم نے اس پاکستان کے لیے قربانیاں نہیں دیں جس میں مریم کودھمکیاں دی جائیں۔دوسری جانب لیگی رہنما اور ایم این اے جاوید لطیف کے خلاف اندراج مقدمہ کی کیلئے درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست شہری چوہدری محمد اکرم کی جانب سےسی سی پی او لاہور سمیت پاکستان سیٹزن پوورٹل پر بھی دی گئی ہے۔درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ جاوید لطیف نے نجی ٹی وی پر دھمکی دی تھی کہ اگر مریم نواز کو کچھ ہوا تو وہ پاکستان کھپے کا نعرہ نہیں لگائیں گے، ان کا بیان ریاست پاکستان سے بغاوت کے مترداف ہے، جس سے عوام کے جذبات شدید مجروح اور عوام مشتعل ہوئے۔درخواست کے متن میں ہے کہ لیگی رہنما نے پاکستان کھپے کا نعرہ نہ لگانے کے جو عُذرات پیش کیے ہیں وہ عُذر گناہ بدتر از گناہ کے زمرے میں آتے ہیں، ان کے خلاف ریاست کے خلاف بغاوت، اپنے حلف کی خلاف ورزی کے سنگین جرائم کی دفعات کے تحت قرار واقعی قانونی کاروائی کی جائے۔ اور ان کے خلاف قانون کی تمام متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے اور انہیں فوری گرفتار کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں