شعبان المعظم کا چاند نظرنہیں آیا، شب برات 29 مارچ کو ہوگی

کراچی(نیوزڈیسک) ملک میں شعبان المعظم 1442 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، یکم شعبان 16 مارچ بروز منگل کو ہوگی جبکہ شب برات 29 مارچ کو ہوگی۔تفصیلات کے مطابق شعبان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور اسلام آباد میں ہوا۔رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں زونل کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی، اس دوران ملک بھر سے شہادتیں جمع کی گئیں۔کمیٹی کے مطابق شعبان المعظم کا چاند نظر نہیں آیا اور یکم شعبان بروز منگل 16 مارچ کو ہوگی جبکہ شب برات 29 مارچ بروز پیرکو ہوگی۔اس سے قبل سعودی عرب کی فلکی علوم کمیٹی کے سربراہ نے ماہِ شعبان المعظم 1442 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے پیش گوئی کی تھی۔

فلکیت کے حوالے سے بنائی جانے والی کمیٹی ’فلکی علوم‘ کے سربراہ انجینیئر ماجد ابو زاہرہ نے پیش گوئی کی تھی کہ ’مطلع صاف ہونے کی صورت میں ماہ شعبان 1442 ہجری کا چاند چودہ مارچ کو بعد نمازِ مغرب افق پر واضح طور پر دیکھا جاسکے گا۔اُن کا کہنا تھا کہ ’چاند مغربی حصے کی جانب سے نمودار ہوگا، انجینیئر ماجد ابو زاہرہ کا کہنا تھا کہ ’چاند کی پیدائش کل دوپہر ایک بج کر 21 منٹ پر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے اس کے نظر آنے کے امکانات زیادہ ہیں، مطلع صاف ہونے کی صورت میں شہری اسے باآسانی دیکھ سکیں گے‘۔ واضح رہے کہ اسلامی کلینڈر میں ماہ شعبان کے 29 یا 30 دنوں کے بعد رمضان المبارک کا آغاز ہوجاتا ہے، اس مہینے کو ’روزے‘ جیسے فرض کی وجہ سے بہت زیادہ اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں