اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چئیرمین سینیٹ کے الیکشن کے سلسلے میں بنائے گئے پولنگ بوتھ سے خفیہ کیمرا برآمد ہوا جس کے بعد ایک ہنگامہ مچ گیا۔اب اس معاملے پر نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا بھی ردِعمل سامنے آیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عادی، سند یافتہ ووٹ چور ہر بار ووٹ چوری کا نیا طریقہ ڈھونڈ کر لاتا ہے مگر رنگے ہاتھوں پکڑا جاتا ہے۔مگر اب حالت اتنی پتلی ہو چکی ہے کہ ایجنسیوں سے فون کروا کر،گن پوائنٹ پر ووٹ لینے سے بھی بات نہیں بنی اور کیمرے لگا کر اپنے ہی ارکان کی جاسوسی کرنی پڑ گئی۔نائب صدر ن لیگ نے تاریخی ذلت قرار دیا۔ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ آر ٹی ایس اور ڈسکہ دھند کے بعد سینیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے آخری جنگ ہار چکے۔سپریم کورٹ سے منہ کی کھائی،
آئینی ترمیم میں ناکام رہے،صدارتی آرڈینینس ردی کا ٹکڑا بن گیا تو خفیہ کیمروں والے مستری لے آئے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ آئین میں خفیہ ووٹ کا ذکر ہے، خفیہ کیمروں کا نہیں! ووٹ چورو شرم کرو اور کرسی چھوڑو۔۔واضح رہے کہ آج چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کا انتخاب اس وقت متنازع صورت اختیار کر گیا جب چئیرمین سینیٹ کے الیکشن کے سلسلے میں بنائے گئے پولنگ بوتھ سے خفیہ کیمرا برآمد ہوا ، سینیٹ ہال میں ووٹنگ کی جگہ پر کیمرہ نصب کیا گیا تھا ، پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے بتایا کہ سینیٹ ہال سے کیمرا برآمد ہوگیا ہے ، جہاں ووٹ کاسٹ کیا جانا تھا وہاں سے کیمرابرآمد ہوا ، شازیہ مری نے پی ڈی ایم ارکان کو کیمرا برآمدگی سے متعلق آگاہ کیا جب کہ پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کیمرے کی تصویر ٹویٹ کردی۔









