وزیراعظم عمران خان کا بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئےبڑا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے تمام وفاقی وزارتوں کے سیکرٹریز کو ہر ماہ بلوچستان کا دورہ کرنے کا حکم دے دیا۔بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کا مؤثر ازالہ کرنے اور صوبے کے مسائل کے حل کے حوالے سے وزیرِ اعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے تمام وفاقی وزارتوں کے سیکرٹریز کو ہر ماہ بلوچستان کا دورہ کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیراعظم آفس کے مطابق تمام وفاقی سیکرٹری صاحبان کو کہا گیا ہے کہ ہر ماہ کم از کم ایک دفعہ بلوچستان خود جائیں اور اپنی وزارت ،ڈویژن

اورمحکمے سے متعلقہ امور ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔تمام وفاقی سیکرٹریز چیف سیکرٹری بلوچستان سے مل کر وزٹ پروگرام تشکیل دیں گےاوروزیرِ اعظم آفس کو اس حوالے سے مطلع رکھیں گے ،تمام سیکرٹریز کو دورے کے بعد تفصیلی رپورٹ باقاعدگی سے وزیرِ اعظم آفس بھجوانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔دوسری جانب صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ بنانے کا مشن، وزیراعظم عمران خان نے حکومتی و اتحادی سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ وزیراعظم کی جانب سے دیئے جانے والے ظہرانے میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر پنجاب چودھری سرور، وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ عمران خان نے تمام نو منتخب سینیٹرز کو مبارک باد دی۔پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کو پنجاب ہاؤس عشایئے میں شرکت کی دعوت دی گئی، جہاں تمام نو منتخب سینیٹرز کو ووٹ کاسٹ کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے دوران ایک ایک ووٹ کی بہت اہمیت ہے، حکومتی اور اتحادی نومنتخب سینیٹرز ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں۔دوسری جانب وزیراعظم نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے مرزا آفریدی کو نامزد کر دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ سابق فاٹا کی سینیٹ میں نمائندگی کے لئے مرزا آفریدی کی نامزدگی کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں