اسلام آباد (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سابق رکن اسمبلی لیاقت جتوئی کے بیان کا نوٹس لے لیا، نگران کمیٹی نے سیف اللہ ابڑو کے مبینہ طور پر35 کروڑ کے عوض سینیٹ ٹکٹ خریدنے کا نوٹس لیا ہے، کمیٹی نے لیاقت علی جتوئی سے ٹکٹ خریدنے کے دستاویزی ثبوت مانگ لیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی نگران کمیٹی نے پہلا نوٹس لے لیا ہے، الیکشن کمیشن کی کمیٹی نے سابق رکن اسمبلی لیاقت جتوئی کے بیان کا نوٹس لے لیا ہے۔سیف اللہ ابڑو کے مبینہ طور پر35 کروڑ کے عوض ٹکٹ لینے کے دعوے کا نوٹس لیا، کمیٹی نے لیاقت علی جتوئی کو
نوٹس بھیج کر سیف اللہ ابڑو کیخلاف دستاویزی ثبوت طلب کر لیے ہیں۔ اسی طرح آج الیکشن کمیشن میں نگران کمیٹی کا پہلا اجلاس ڈی جی لاء کی سربراہی میں ہوا۔اجلاس میں اسٹیٹ بینک،نیب،ایف آئی اے ،ایف بی آر اور نادرا نمائندوں نے شرکت کی۔الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں خصوصی مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیا گیا ہے جو24 گھنٹے کام کرے گا۔ سینیٹ انتخابات میں الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 167 میں دی گئی کرپٹ پریکٹسز کوروکا جائےگا۔الیکشن کمیشن نے عوام کےلیے سینیٹ انتخابات میں کرپٹ پریکٹسز کی شکایت کےلیے فون نمبر بھی جاری کیے ہیں۔ عوام 0519204402-6 پر اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔سیکرٹری الیکشن کمیشن کو 051-9203583 پر شکایات درج کرائی جاسکتی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر سے چیئرمین نادرا، چیئرمین پی ٹی اے اور ڈی جی ایف آئی اے نے ملاقات بھی کی ہے۔چیف الیکشن کمشنر نےانتخابی کرپشن کے تدارک کےلیے تجاویز طلب کی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کی انتخابی بدعنوانی سے متعلق فوری مطلع کرنے کی ہدایت کی ہے۔الیکشن کمیشن کی انتخابی بدعنوانی سے متعلق عوام سے بھی تعاون کی درخواست کی ہے۔









