اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے کہا ہے کہ گیارہ جماعتوں کے اتحاد کے باوجود ایک ناکام شو کے بعد پی ڈی ایم لانگ مارچ کی جانب نہیں جائے گی ۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے کہا کہ پی ڈی ایم کا لاہور میں جلسہ فلاپ ہوا، اس کے بعد آج الیکشن کمیشن کے سامنے ناکام جلسے کے بعد مجھے نہیں لگتا پی ڈی ایم جماعتیں لانگ مارچ کی غلطی کریں گی ۔انہوں نے کہا کہ آج گیارہ جماعتیں مل کر بھی اچھا شو کرنے میں ناکام رہی ہیں ۔ اس سے قبل پی ڈی ایم کے جلسے پر ردعمل کا اظہار کرتے
ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے احتجاجی مظاہرے میں صرف 3 ہزار لوگ تھے،اگر ایسا ہی شو کرنا ہے تو لانگ مارچ کی دعوت دیتا ہوں، میں نے مدارس کے طلباء کی نہیں بچوں کی بات کی، خبردار کرتا ہوں آج جیسی تقاریردوبارہ ہوئیں توحالات ہمارے بس سے نکل جائیں گے۔انہوں نے پی ڈی ایم کے احتجاجی مظاہرے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پی ڈی ایم ریلی کو ریڈزون میں آنے کی کھلی اجازت دی، ہر علاقے سے لوگ آئے، بسیں اور گاڑیاں ویگنیں ، جھنڈے، ڈی ایس این جی بہت تھیں لیکن لوگ نہیں تھے، آپ دینی مدرسوں کا کہتے ہیں ،آپ کہہ رہے ہیں طلباء گن اٹھائیں ، جب دینی مدارس کے طلباء نے گن اٹھائی ہوئی تھی تب آپ مشرف کے ساتھ تھے، آپ اور اکرم درانی مشرف کی جس میٹنگ میں ہوتے تھے میں بھی وہاں ہوتا تھا ، آج قوم نے جو آپ کے ساتھ کیا آپ کو اسی کا درد ہے، سارے اخبارات میڈیا والے کہتے ہیں 3 ہزار لوگ تھے، میں تو دوہزار کہہ رہا ہوں۔واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے فروی کے آخر میں لانگ مارچ کی تاریخ دینے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ حکومت کیخلاف پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے لیے گزشتہ ہفتے پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا تھا ۔دوسری جانب پی ڈی ایم کے زیر اہتمام الیکشن کمیشن کے باہر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مدارس کے طلبا قانون اور جمہوریت کی طرف آنا چاہتے ہیں۔پی ڈی ایم کے سربراہ نے اپنے خطاب میں استفسار کیا کہ جب آپ کےپاس ایجنڈا نہیں تھا
تواقتدارمیں کیوں آئے؟مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ 8اگست2018 کواسی جگہ پرمظاہرہ کرکے الیکشن 2018 کومستردکیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی اپنےموقف پرقائم ہیں کہ موجودہ حکومت منتخب نہیں ہے۔پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کو قوم پر مسلط کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لانگ مارچ ہو گا تو حکمرانوں کو بھاگنے کا بھی موقع نہیں ملے گا۔









