لاہور(نیوز ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا کو کسی صورت معافی نہیں دی جائے گی، 2 سال میں 31 ارب کی زمین واگزار کروائی گئی، پنجاب حکومت قبضہ مافیا کیخلاف اچھا کام کررہی ہے، حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں پنجاب کی مجموعی سیاسی، انتظامی اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تبالہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان کو قبضہ مافیا کیخلاف اقدامات سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 2 سال میں 31ارب کی زمین واگزار کروائی گئی،
پولیس اور انتظامیہ نے آپریشن کرکے زمین واگزار کروائی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پنجاب حکومت قبضہ مافیا کیخلاف اچھا کام کررہی ہے،قبضہ مافیا کو کسی صورت معافی نہ دی جائے۔وزیراعظم نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، عوام کے مسائل کے حل میں صرف میرٹ پر عملداری کی جائے، انصاف کی فراہمی کی راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے، ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں جس کا نقصان لوگوں کو اٹھانا پڑا، لیکن کوئی قانون سے بالاتر نہیں اور پولیس کسی سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لائے۔وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ لوگ آپ سے تب مطمئن ہوں گے جب آپ سب سے یکساں اور قانون کے مطابق سلوک کریں گے، پولیس افسران جرائم کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں اور تھانوں میں وزٹ کریں۔واضح رہے کہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور معاون خصوصی شہزاد اکبر بھی موجود تھے، قبل ازیں، وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات بھی کی، جس میں انھوں نے قبضہ مافیا کے خلاف اقدامات پر پنجاب حکومت کی تعریف کی۔ملاقات میں پنجاب کی مجموعی صورت حال اور ترقیاتی امور پر گفتگو ہوئی، عثمان بزدار نے امن عامہ کی مجموعی صورت حال اور انتظامی امور پر بریفنگ دی، اور پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں پر رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ لاہور میں 2 سال کے دوران 31 ارب مالیت کی زمین واگزار کرائی گئی۔وزیر اعظم نے کہا قبضہ مافیا سے متعلق پنجاب حکومت اچھا کام کر رہی ہے، قبضہ مافیا کو کسی صورت معافی نہ دی جائے۔









