اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکرٹک موومنٹ کی طرف سے جاری حکومت مخالف تحریک میں پی ڈی ایم کی 3 بڑی جماعتیں تاحال حکمت عملی بنانے میں ناکام ہیں۔ اس حوالے سے تفصیلات میں میڈیا ذرائع ک طرف سے بتایا گیا ہے کہ 3 بڑی جماعتیں تاحال کارکنوں کو جمع کرانے کی کوئی حکمت عملی نہیں بنا سکیں، موجودہ حالات میں پی ڈی ایم الیکشن کمیشن کے باہر کوئی بڑا پاور شو نہیں کر سکے گی، بڑی تعداد میں کارکن نہ ہونے پرحکومت کو تنقید کا موقع ملےگا، اپوزیش کے احتجاج کے لئے کارکنوں کو جمع کرنے کے طریقہ کار پر تاحال مشاورت کا عمل جاری ہے۔
دوسری طرف وفاقی حکومت نے پی ڈی ایم کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی ، جس میں حکومت نے فیصہ کیا کہ پی ڈی ایم کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت دے دی جائے ، اس موقع پر وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ پی ڈی ایم کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت دی جائے ، کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے ، کسی کو شوق ہے تو وہ پورا کرلے لیکن قانون کو ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔یہاں واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے الیکشن کمیشن اور نیب دفاترز کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کردیا ہے ، صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 19 جنوری کو الیکشن کمیشن دفتر کے سامنے احتجاج کریں گے، نیب دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا طریق کار بھی طے کریں گے، خواجہ آصف کی گرفتاری کو نظر انداز نہیں کرسکتے، ثابت ہوگیا یہ احتساب نہیں بلکہ انتقام ہے۔









