آرمی چیف اور وزیراعظم عمران خان کے مابین اہم ترین ملاقات

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ہے جس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی شریک ہوئے۔جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مچھ واقعے کی شدید مذمت کی گئی اور مچھ واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کااعادہ کیا گیا۔ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی بات چیت ہوئی اس کے علاوہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھی گفتگو کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں سانحہ مچھ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات کا عزم کیا گیا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر کی بھارتی خلاف ورزیوں پر بھی غور کیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران وزیر اعظم اور آرمی چیف کی یہ دوسری ملاقات ہے، جو سانحہ مچھ کے تقریباً دس روز بعد سامنے آئی ہے۔3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 10 کان کنوں کو قتل کردیا تھا، جو کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن کے رہائشی تھے۔واقعے کے بعد ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر اپنے پیاروں کی میتیں رکھ کر احتجاج شروع کردیا تھا۔انتہائی سرد موسم میں منفی درجہ حرارت کے دوران خواتین، بچوں سمیت ہزاروں افراد اس احتجاج میں شریک تھے، جو مسلسل چھ روز جاری رہا۔مظاہرین کا مختلف مطالبات کے ساتھ ساتھ ایک مطالبہ یہ بھی ہے کہ وزیراعظم کے آنے تک وہ اپنے پیاروں کی تدفین نہیں کریں گے۔تاہم بعد ازاں حکومت اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے جس کے بعد میتوں کی تدفین کردی گئی اور اگلے روز وزیر اعظم نے کوئٹہ پہنچ کر لواحقین سے ملاقات کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں