اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ اے بے یارو مدد گار معصوم مزدوروں کی لاشو، میں شرمندہ ہوں، ان کا یہ بیان وزیراعظم کے ہزارہ برادری والوں کو بلیک میلر کہنے کے بعد آیا، وزیراعظم نے شرط رکھی آپ تدفین کریں پھر آؤں گا۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے انتہائی مختصر ردعمل میں دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اے بے یارو مدد گار معصوم مزدوروں کی لاشو، میں شرمندہ ہوں۔ان الفاظ میں ندیم افضل چن کی بےبسی کو محسوس کیا جاسکتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے انتہائی غیرمناسب بیان دیا کہ کسی بھی وزیراعظم کو اس طرح بلیک میل نہیں کیا جاتا کہ آپ آئیں گے تو ہم تدفین کریں گے۔
واضح رہےاسلام آباد میں سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ کھڑی ہے، جتنا ظلم ہزارہ کمیونٹی پر ہوا پاکستان میں کسی پر نہیں ہوا، ہمارے ملک میں ہزارہ کمیونٹی پر سب سے زیادہ ظلم ہوا، نائن الیون کے بعد ہزارہ کمیونٹی کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا، بھارت پاکستان کیخلاف سازش کر رہا ہے۔ دوسری جانب سانحہ مچھ کے متاثرین کا غم کم نہ ہو سکا۔ کوئٹہ میں مچھ واقعہ کے خلاف ہزارہ برادری کا لاشوں کے ساتھ دھرنا چھٹے روز میں داخل ہو گیا، شہدا کمیٹی نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کیا جبکہ شرکاء بھی وزیراعظم عمران خان کی آمد تک میتوں کی تدفین سے انکاری ہیں۔









