کراچی(نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سلیکٹرز سے سوال ہے ایک نالائق شخص کو 22کروڑ عوام پر کیوں مسلط کیا گیا؟نالائق شخص نے پہلے معیشت، خارجہ پالیسی اور گورننس کو برباد کیا، اب ہزارہ مظلوموں کو بلیک میلرز کہہ کر توہین کررہا ہے؟قوم کوبتایا جائے کہ عوام کی زندگیوں کا فیصلہ توہم پرستی یاتابعداری کرے گی۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے خاندان سے بھی ملی جن کے خاندان میں اب کوئی مرد نہیں، ہزارہ متاثرین سے ملاقات میں جو مناظرکل دیکھے دل دہل گیا ہے، پوری قوم سوگ کی حالت میں ہے، ہزارہ برادری کے درد کو محسوس کیاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ متاثرہ خواتین نےکہا کہ اب انکے گھرمیں کوئی مرد نہیں جو جنازوں کو کاندھا دے، لوگوں نے بتایا کہ قبرستانوں میں شہیدوں کو دفنانے کی جگہ موجود نہیں۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے وہاں پر دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا، گزشتہ 6 روز سے قوم کی مائیں ،بہنیں حکمران کا انتظار کررہے ہیں، ایک چھوٹی سی بچی صرف یہ کہہ رہی تھی کہ آپ آجائیں تاکہ ہم شہدا کو دفنا دیں۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری نے کہا ہمارا کوئی مطالبہ نہیں ہے، حکمران صرف آکر ہمارے زخموں پر مرہم رکھیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ قوم حیران ہے کہ آپ جا نہیں سکتے تو کم از کم ہمدردی کے 2 بول تو بول سکتے تھے، متاثرین چاہتے ہیں کہ وزیراعظم آئیں اورپھروہ اپنےپیاروں کی تدفین کریں، سیکیورٹی کلیئرنس ہمیں بھی نہیں ملی، لیکن ہم پھر بھی وہاں گئے۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ بتایا جائے کیا عمران خان کی زندگی قوم سے زیادہ اہم ہے؟وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنا فرض نبھانے میں ناکام ہوئے،وزیراعظم مظلوموں کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں، دراصل عمران خان کی انا انہیں متاثرین کے پاس جانے سے روک رہی ہے۔انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ ‘پھر آپ کہتے ہیں کہ فوج سب جانتی ہے، کیا فوج جانتی ہے کہ آپ کتنے بزدل ہیں، آپ کی نااہلی سے 22 کروڑ عوام متاثر ہورہے ہیں’۔مریم نواز نے کہا کہ ‘کیا سلیکٹرز جانتے ہیں کہ ان کے انتخاب کی وجہ سے برادر دوست ناراض ہوئے، خارجہ پالیسی برباد کردی،
گورننس کا ستیاناس کیا اور اب مظلموں کو بلیک میلرز کا لیبل دے کر انسانیت کی توہین کررہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘میں سلیکٹرز سے بھی سوال کرتی ہوں کہ کیا 22 کروڑ عوام میں یہ ہی ایک سوغات ملی تھی’۔نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ‘موجودہ حکومت کی پے در پے غلطیوں پر عوام اب سلیکٹرز سے جواب طلب کررہے ہیں’۔آخر میں انہوں نے ہزارہ برادری سے درخواست کی کہ وہ اپنے پیاروں کو دفنادیں کیونکہ جس انسان سے آپ اُمید لگائے بیٹھے ہیں اس کے سینے میں دل نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جسے کوئٹہ جانے کی اجازت نہ ملی وہ خود این آر او کیسے دے سکتا ہے۔علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ہم کوئٹہ میں ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کے لیے ان سے ملے اور ان کے دھرنے میں شامل ہوئے۔









