مچھ متاثرین نے وزیراعظم کا تدفین کا مطالبہ مسترد کردیا

کوئٹہ(نیوز ڈیسک)سانحہ مچھ شہدا کمیٹی نے وزیراعظم کا شہدا کی تدفین کا مطالبہ مسترد کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سانحہ مچھ کے شہدا کے لواحقین کا دھرنا چھٹے روز بھی جاری ہے۔ سانحہ مشھ کے مظاہرین نے لاشوں کی تدفین کو وزیراعظم عمران خان کی آمد سے مشروط کیا تھا لیکن وزیراعظم عمران خان نے ہزارہ برادری کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو اس طرح بلیک میل نہیں کیا جا سکتا، ہزارہ برادری آج ہی تدفین کرے میں گارنٹی دیتا ہوں آج ہی کوئٹہ جاؤں گا۔لیکن شہدا کمیٹی نے میتیوں کی تدفین نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سانحہ مچھ شہدا کمیٹی نے وزیراعظم کا شہدا کی تدفین کا مطالبہ مسترد کر دیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سانحہ مچھ کی شہدا کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ دھرنا جاری رہے گا اور تدفین بھی نہیں کی جائے گی۔ان کا کہنا ہے کہ میتیں دفنانا ہوتی تو شدید سردی میں دھرنا دینے کی ضرورت کیوں پیش آتی۔شہدا کمیٹی کے ممبران آغاز رضا نے اعلان کیا کہ وزیراعظم نہ آئے تو لاشوں کے ساتھ اسلام آباد میں لانگ مارچ کریں گے۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نےکہا کہ ہمارے ملک میں شاید ہزارہ برادری پر سب سے زیادہ ظلم ہوا اور مجھے سب سے زیادہ پتا ہے کہ ان کے ساتھ کیسا ظلم ہوا۔عمران خان نے کہا کہ مچھ واقعے کے بعد وزیر داخلہ کو کوئٹہ بھیجا، پھر دو وفاقی وزرا کو بھیجا، ہزارہ کمیونٹی کو یہ بتانے کے لیے بھیجا کہ یہ حکومت ان کے ساتھ ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم مظاہرین کے تمام مطالبات مان چکےہیں لیکن ان کا ایک مطالبہ ہے کہ وزیرعظم آئے تو شہدا کو دفنائیں گے، ان کو کہا ہےکہ کسی بھی ملک کے وزیراعظم کو ایسے بلیک میل نہیں کیا جاسکتا، اس طرح ہر کوئی بلیک میل کرے گا، خاص طور پر ڈاکوؤں کا ایک ٹولہ ڈھائی سال سے کرپشن کیسز معاف کرنے کے لیے بلیک میل کررہا ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ دھرنے کے شرکا اگر آج تدفین کردیں تو آج ہی کوئٹہ آجاؤں گا، ہم نے سارے مطالبات مان لیے لیکن یہ نہیں کرسکتے کہ شرط لگائیں، پہلے دفنائیں، اگر آج دفناتے ہیں تو گارنٹی دیتا ہوں آج کوئٹہ آؤں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں