لاہور(نیوز ڈیسک)قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے 48 بنک اکاؤنٹس کا سراغ لگا لیا ہے۔نجی ٹی وی چینل ہم نیو زکے مطابق ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اورمنی لانڈرنگ انکوائری میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق خواجہ آصف کے 48 بنک اکاؤنٹس میں ایک ارب 45 کروڑ روپے کی خطیر رقم جمع ہوئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام بنک اکاؤنٹس خواجہ آصف اور ان کے خاندان کے بے نامی اداروں کے نام پر کھلوائے گئے۔ذرائع نےبتایا ہے کہ ن لیگ کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف اور ان کے خاندان کے اراکین کے اکاؤنٹس میں 22 کروڑ 30 لاکھ
کی رقوم جمع ہوئیں۔ذرائع کے مطابق گرفتار خواجہ آصف سے دوران تفتیش استفسار کیا جائے گا کہ بھاری رقوم کس مد میں ان کے اکاؤنٹس میں جمع ہوئیں؟نیب ذرائع کے مطابق ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف سے بے نامی اداروں کے اکاؤنٹس میں موجود اور اس کے تعلق کی بابت بھی دریافت کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ خواجہ آصف سے ان کے بے نامی اداروں کے متعلق بھی روبرو بٹھا کر تفتیش ہو گی۔ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے وکیل چودھری نجم الحسن ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف نے جو کمایا اورپرانکم ٹیکس ادا کیا ہے۔ چودھری نجم الحسن ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کا سب کچھ ڈیکلیئرڈ ہے اور ریکارڈ پر بھی موجود ہے۔









