اسامہ کیس، گرفتار پولیس اہلکار گولیاں چلانے کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈالنے لگے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسامہ ستی قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے ہاتھوں اسامہ ستی کی ہلاکت کی جوڈیشل انکوائری میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ملزمان نے اسامہ کو گولیاں مارنے کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈال دیا۔گرفتار اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ گاڑی میں اہم ڈکیت جا رہا ہے۔جوڈیشل انکوائری میں اے ایس آئی سلیم کا نام بھی سامنے آ گیا۔اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں کی گولیوں سے قتل ہونے والے نوجوان اسامہ کے کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس ایس پی صدر سرفراز ورک کی زیر صدارت ہوا،

جس میں جے آئی ٹی نے تمام ملزم پولیس اہلکاروں کے بیانات قلم بند کرلیے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ڈی ایس پی رمنا اور ڈی ایس پی انویسٹی گیشن اور ایس ایچ او رمنا شریک ہوئے۔اجلاس میں جے آئی ٹی نے کیس فائل اور ایف آئی آر کا تفصیلی جائزہ لیا، جے آئی ٹی کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسامہ کی گاڑی کا فرانزک بھی کروا لیا گیا۔ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے خالی خول بھی فرانزک کے لیے بھجوائے گئے ہیں۔ فرانزک رپورٹ جمعہ کو موصول ہونے کا امکان ہے۔ جےآئی ٹی کا آئندہ اجلاس جمعہ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے جمعہ کو مدعی مقدمہ کو اپنے گواہان پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ جے آئی ٹی نے سیف سٹی کیمروں کی فوٹیجز بھی مانگ لی ہیں۔جے آئی ٹی نے ڈکیتی کی وائرلیس کال کا ڈیٹا بھی طلب کرلیا ہے۔اسامہ ستی قتل کیس کی انکوائری کے لیے جے آئی ٹی انسداد دہشتگردی ایکٹ کے سیکشن 19 کے تحت چیف کمشنر اسلام آباد نے بنائی ہے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں شیخ رشید احمد نے مچھ مقتولین کے لواحقین سے ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا۔ بابر اعوان نے اسامہ ستی کے والدین کا مؤقف کابینہ میں پیش کیا۔ کابینہ نے مچھ حملے اور اسامہ ستی قتل پر افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایسے بے رحم لوگ پولیس میں نہیں ہونے چاہئیں، حکومت مچھ حملے کے متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔شیخ رشید احمد نے بلوچستان میں ایف سی

کے شہید اہلکاروں، اسلام آباد میں جاں بحق ہونے والے اسامہ ستّی اور ہزارہ کمیونٹی کے شہدا کے لئے دعا کروائی۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم عمران خان کو کوئٹہ دورے پر رپورٹ دی جبکہ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر کل کوئٹہ دورہ کیا اور ہزارہ برادری سے ملاقات کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں