بہاولپور (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز گذشتہ روز بہاولپور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی ریلی میں شرکت کے لیے روانہ ہوئیں جہاں راستے میں ایک ریسٹ ایریا میں آیا۔ اس ریسٹ ایریا پر قیام کے دوران مریم نواز نے اپنی نواسی سرینا سے ویڈیو کال پر گفتگو کی جس کی ویڈیو ٹویٹر پر وائرل ہو گئی۔ویڈیو میں دیکھا گیا کہ مریم نواز اپنی نواسی سرینا کو ریسٹ ایریا کی ایک دکان میں موجود کھلونے دکھا کر پوچھ رہی ہیں کہ ان کو کیا چاہئیے؟ انہوں نے ویڈیو کال پر دکان کے ایک طرف لگے کھلونے دکھاتے ہوئے اپنی نواسی سے کہا کہ کیا آپ کو یہ چاہئیے؟
جبکہ ان کی نواسی بھی ان کے ساتھ باتیں کرتی رہی۔دکان میں موجود لوگوں کو مریم نواز کا یہ الگ انداز خوب بھایا اور انہی میں سے کسی نے مریم نواز کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی۔اس ویڈیو کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے مریم نواز نے خوشی کا اظہار کیا ۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے ویڈیو کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ نانی بننے کی خوشی اور اعزاز ہے اور اس کے لیے میں اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں۔بعد ازاں انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لیگی رہنما پرویز رشید کی چپس کھانے کی تصویر شئیر کی اور ساتھ لکھا کہ پرویز رشید بھوک مٹانے کے لیے وہ چیز کھا رہے ہیں جو میں نے سرینا کے لیے خریدی تھی۔یاد رہے کہ گذشتہ روز پی ڈی ایم کی جانب سے بہاولپور میں ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا۔ ریلی میں شرکت کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو ان کی صاحبزادی مریم نواز نے ویڈیو کال کی اورپی ڈی ایم کے زیر اہتمام نکالی جانے والی ریلی کے براہ راست مناظر انہیں دکھائے۔ انہوں نے ریلی سے خطاب میں باقاعدہ عوام الناس کو بتایا کہ انہوں نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو ریلی کے مناظر ویڈیو کال کے ذریعے براہ راست دکھائے ہیں۔ اور اس کی ویڈیو بھی اپنے ٹویٹر پیغام میں شئیر کی۔









