ہم عمران خان سے کہتے ہیں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلو لیکن وہ پاگل کسی کی بات نہیں مانتا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئررہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شاہ محمود قریشی، فواد چودھری ، علی محمد خان، شفقت محمود اور پرویز خٹک سے ہماری بات ہوتی رہتی ہے۔ یہ ایسے لوگ ہیں جو ہمیشہ متوازن بات کرتے ہیں۔ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ معاملات حل ہوں۔ لیکن جو مراد سعید اور فیصل واوڈا ہیں وہ لوگ ایسا ہرگز نہیں چاہتے۔رانا ثناء اللہ نے دوران گفتگو دعویٰ کیا کہ شاہ محمود قریشی نے تو یہاں تک کہہ دیا ، انہوں نے رازداری سے مجھ سے کہا کہ یہ پاگل نہیں مان رہا، باقی تو سارے اپوزیشن سے بات کرنا چاہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مراد سعید اور فیصل واوڈا کی سُنتے ہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ متوازن بات کرنے والے

رہنما اکثر کہتے ہیں کہ ہم تو وزیراعظم کو بہت سمجھاتے ہیں مگر اُن پرکوئی اثر نہیں ہوتا۔انہوں نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے دھرنے اور سندھ حکومت سے مستعفی ہونے پر تحفظات ہیں ۔ لیکن شاید قومی اسمبلی کے استعفوں اور لانگ مارچ پر پیپلز پارٹی پوری طرح سے متفق ہے اور پی ڈی ایم کے ساتھ ہے۔ ہو سکتا ہے کہ ہم پیپلز پارٹی کو دو چار قدم آگے لے آئیں یا ان کے مؤقف کے ساتھ کسی طرح کی مفاہمت اختیار کریں۔یہ معاملہ تو پی ڈی ایم کی رہبر کمیٹی یا سربراہ کمیٹی کے ساتھ بیٹھ کر ہی طے ہو گا ۔ پیپلز پارٹی اس موجودہ حکومت کے خاتمے ، اس نااہل اور نالائق ٹولے کو ہٹانے کے لیے پوری طرح متفق ہے، متحرک بھی ہے اور پوری طرح سے پُر عزم بھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں