کوئٹہ(نیوز ڈیسک) صوبہ بلوچستان کے ضلع سبی اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں،شہری کلمہ طیبہ کاورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔تفصیلات کے مطابق سبی اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت3.9 اور اس کا مرکز کوئٹہ سے88کلومیٹر مشرق میں تھا جب کہ زیر زمین گہرائی 10کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے تاہم اب تک کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں موصول ہوئی ہے۔زلزلہ کے بعد عوام میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے ۔
واضح رہے کہ ماضی میں 31 مئی 1935 میں جو خوفناک زلزلہ آیا تھا ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت سات اعشاریہ چھ بتائی گئی تھی۔ اس زلزلے میں جیولاجیکل سروے آف پاکستان کے مطابق ساٹھ ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے اور کوئٹہ شہر کا بڑا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔خیال رہے کہ زمین کی 3 تہیں ہوتی ہیں۔ ان میں پہلی تہہ کو یوریشن، دوسری کو انڈین، جب کہ تیسری کو اریبئن کہا جاتا ہے۔ ان پلیٹوں کے رگڑ کھانے یا سرکنے سے زمین پر جو شدید ارتعاش پیدا ہوتا ہے، اسے زلزلہ کہا جاتا ہے۔پاکستان کا بڑا علاقہ ان فالٹ لائنز پر موجود ہے۔ پاکستان کے تمام بڑے شہروں کو اسی وجہ سے حساس قرار دیا جاتا ہے۔









