لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئرصحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ شہباز شریف نیشنل ڈائیلاگ کے لیے تیار ہیں اور اپوزیشن کی تقریباً صلح ہو چکی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما احمد خان درانی جیل میں شہباز شریف سے ملے اور انہیں پیر پگارا کا پیغام پہنچایا ۔جس کے بعد اب شہباز شریف نیشنل ڈائیلاگ اور سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے راضی ہو گئے ہیں۔ صحافی عارف حمید بھٹی نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا مریم نہیں ، میں مسلم لیگ ن کا صدر ہوں اور بحیثیت صدر میں نے لیگی ارکان اسمبلی کے استعفوں کا فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز جوش خطابت میں جو تقریر کرتی ہیں وہ کریں،
ابھی تک کوئی ایک بیان ایسا بتا دیں جو میں نے فوج کے خلاف دیا ہو۔ایک بیان بھی میں نے اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں دیا۔ ملاقات کے دوران شہباز شریف نے اپنے صاحبزادے حمزہ شہباز کی گرفتاری کا شکوہ کیا اور یہ بھی کہا کہ حمزہ شہباز کو ناحق جیل میں رکھا گیا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ آپ بات چلائیں ، مسلم لیگ ن سینیٹ انتخابات میں بھی حصہ لے گی۔عارف حمید بھٹی نے پروگرام میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ اپوزیشن کی تقریباً صلح ہو چکی ہے، کل تک جو عمران خان سے استعفوں کی بات کرتے رہے اور اپنے استعفے دینے جا رہے تھے اور راستہ مانگ رہے ہیں کہ انہیں استعفے بھی نہ دینے پڑیں اور معاملہ ختم ہو جائے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں عزت سے کوئی راستہ دے دیں۔









