اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا اچانک شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنا دینا عوام، اپوزیشن اور حکومتی رہنماؤں کے لیے بھی ایک سرپرائز تھا۔وزارت داخلہ کے لیے پرویز خٹک اور فواد چوہدری کے نام بھی لیے جا رہے تھے تاہم وزیراعظم نے شیخ رشید کا انتخاب کیا۔اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میرے علم میں نہیں تھا کہ مجھے وزیر داخلہ بنایا جا رہا ہے،میں گیٹ سے اندر داخل ہوا تو وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مبارک ہو،آپ وزیر داخلہ بن گئے ہیں۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ کچھ عرصہ قبل مجھ سے انفارمیشن منسٹری کی بھی بات کی گئی تھی۔
لیکن میں نے اپنے آپ کو اس قابل نہیں سمجھا۔کیونکہ وزارت اطلاعات میں زبردست لوگ کام کر رہے ہیں۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ بنانے کا فیصلہ بھی اچانک ہوا، دو روز قبل چند وزیروں کی موجودگی میں وزیراعظم نے کہا کہ شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنا دیا گیاہے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ یہ وقت امتحان کا وقت ہے اور مجھے بھی کئی چیلنجز درپیش ہیں۔مجھے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آپ بے شک کھل کر کھلیں اور بات کریں۔۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزارت داخلہ کا قلمدان ملنے کے بعد شیخ رشید احمد پاکستان میں سب سے زیادہ وزارتیں حاصل کرنے والے سیاستدان بن گئے ہیں ۔یہ شیخ رشید کی 15ویں وزارت ہے۔ اس قبل وہ 14 وزارتوں پر براجمان رہ چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے والے شیخ رشید احمد اس سے قبل کئی وزارتیں سنبھال چکے ہیں۔ نواز شریف کے پہلے دور حکومت میں وہ پہلی مرتبہ وزیر بنے تھے۔ نواز شریف کے دوسرے دور حکومت میں شیخ رشید احمد کو کھیل، ثقافت سیاحت امور نوجوانان، محنت افرادی قوت اور سمندر پار پاکستانیوں کے قلمدان سونپے گئے تھے۔









