اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا کفایت اللہ نے کہا کہ شیخ رشید جب بھی مولانا فضل الرحمان کے بارے میں بات کرتے ہیں یا جب کوئی رائے دیتے ہیں تو بڑی احتیاط سے کام لیتے ہیں۔ گذشتہ دنوں میں شیخ رشید سے ایک صحافی نے دریافت کیا کہ آپ ایسی پوزیشن میں حکومت کو کیا مشورہ دیتے ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ ایسی پوزیشن میں میں عمران خان کو مشورہ دوں گا کہ آپ مولانا فضل الرحمان سے معافی مانگ لیں۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید عمران خان کے مقابلے میں مولانا فضل الرحمان نے معاملے میں نبستاً نرم بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے ریلوے کے وزیر کو وزیر داخلہ بنایا گیا کیونکہ پی ڈی ایم کی قیادت مولانا فضل الرحمان کے پاس ہے۔
یہ لوگ اب منت سماجت پر اُتر آئے ہیں۔ مولانا کفایت اللہ نے کہا کہ اگر عمران خان مولانا فضل الرحمان صاحب کے پاس جائے گا تو کیا منہ لے کر جائے گا؟ اُس نے تو بائیس سال تک اُنہیں ”ڈیزل” کہا ہے۔ڈیزل ایک گالی ہے، اگر ڈیزل کے معاملے میں کوئی بد عنوانی تھی تو گذشتہ دور حکومت میں بھی پشاور میں انہی کی حکومت تھی، اب بھی انہی کی حکومت ہے ، لہٰذا ان کی اپنی حکومت کی کوئی نااہلی ہو سکتی ہے۔ مولانا صاحب کے ہاتھ صاف ہیں۔ ان کو چاہئیے تھا کہ اُن پر کیس بنا دیتے لیکن انہوں نے ڈیزل کو مولانا صاحب کے لیے ایک گالی کے طور پر استعمال کیا۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز وفاقی کابینہ میں ردو بدل کی گئی جس کے بعد وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے ریلوے کا قلمدان واپس لے کر انہیں وزارت داخلہ کا قلمدان سونپ دیا گیا تھا۔









