اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے نجی تعلیمی اداروں کو ریلیف دینے کا بڑا فیصلہ کرلیا اس حوالے سے کم فیس والے پرائیویٹ سکولوں کو بلاسود قرضے دینے کا اعلان کر دیا گیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن میں ایک سال کی توسیع اور ،فیڈرل بورڈ میں داخلہ جات بھجوانے کی آخری تاریخ میں اضافہ کا فیصلہ کرلیاگیا ۔رپورٹ کے مطابق ہفتہ میں ایک دن بچوں کوپرائیویٹ سکولوں میں بلانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ، نجی تعلیمی اداروں نے گیارہ جنوری کو ہر صورت تعلیمی ادارے کھولنے کامطالبہ کردیا نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ ایسوسی ایشنز کے وفدسے وفاقی سیکرٹری
تعلیم فرح حامدنے ملاقات میں فیصلے کئے ،چیئرپرسن پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی(پیرا)مسز ضیاء بتول بھی اس موقع پر موجود تھے ، وفد میں ملک ابرار حسین، راجہ ارشد محمود، چودھری عبیداللہ،ملک محمد عمران ،ڈاکٹر افراہیم ستی،ملک دین محمد اعوان،قاسم عباس،ریحانہ ظہیر اور طارق محمودبھی شامل تھے ، وفاقی سیکرٹری کو کورونا کے باعث نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔وفاقی سیکرٹری تعلیم فرح حامد نے کہاکہ حکومت نجی تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے، چھوٹے سکولوں کو بلاسود قرضے دینے کے لیے سمری تیار کرلی گئی ہے جس سے آسان اقساط پر قرضے مل سکیں گے۔ ملک ابرار احمد کے مطابق نجی تعلیمی ادارے تعلیمی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے،گیارہ جنوری سے حکومتی فیصلے کے مطابق تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔ملک ابرار حسین کے مطابق جنوری کے بعد تعلیمی اداروں کی مزید بندش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔









