وزیراعظم نے ملکی معیشت بارے قوم کو خوشخبری سنادی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے مسلسل چھ ماہ تک ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد رہنے کی نوید سنا دی۔ترسیلات زر سے متعلق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کیا، انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان کی معیشت کےلیے مزید خوشخبری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نومبر میں ترسیلات زر دو ارب 34 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جو مسلسل 6 ماہ تک دو ارب ڈالر سے زائد رہیں گیں۔ان کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے مقابلے میں نومبر میں ترسیلات زر میں 2اعشاریہ چار فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں اس سال ترسیلات زر 28.4 فیصد بڑھیں۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بھی بتایا گیا ہے کہ مسلسل چھ ماہ سے ترسیلات 2 ارب ڈالر سے زائد ہیں، اور نومبر کے مہینے میں بھی ترسیلات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں، رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ جولائی تا نومبر کی ترسیلات 11.8 ارب ڈالر رہیں اور یہ پانچ ماہ کی ترسیلات گزشتہ مالی سال سے 26.9 فیصد زائد ہیں۔اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ نومبر 2020 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2.34 ارب ڈالر کی ترسیلات بھجوائیں، یہ ترسیلات اکتوبر سے 2.4 فیصد اور نومبر 2019 سے 28.4 فیصد زائد ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں