شیخ رشید کو وزارت ریلوے سے ہٹاکرکونسی اہم ترین وزارت دیدی گئی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)حکومت پاکستان کی جانب سے شیخ رشید کو وفاقی وزیر داخلہ بنا دیا گیا ہے۔ اس سے قبل اعجاز شاہ کے پاس وزارت داخلہ تھی اور شیخ رشید وزیر ریلوے تھے۔اعظم سواتی کو وزارت ریلوے کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔ اعجاز شاہ کو وزیر نارکوٹکس کنٹرول کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔ اعظم سواتی کے پاس اس سے قبل وزارت انسداد منشیات کا قلمدان تھا۔وزیراعظم نے اپریل2019 میں اعجاز شاہ کو وزارت داخلہ کی ذمہ داری سونپی تھی اور اس سے قبل باضابطہ وفاقی وزیر داخلہ نہیں تھا۔اس سے قبل آج ہی حفیظ شیخ بطور وفاقی وزیرخزانہ کا حلف اٹھا چکے ہیں۔

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عبدالحفیظ شیخ سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ وزیر اعظم کےمشیر برائے خزانہ کے عہدے پر فائز تھے، حلف برداری کی تقریب میں اہم حکومتی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔وزیراعظم نے آئین کی دفعہ 91 کےتحت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے عبدالحفیظ شیخ کو وفاقی وزیر بنانے کی منظوری دی تھی، آئین کے تحت وزیراعظم کو 6 ماہ کے لیے کسی بھی شخص کو وفاقی وزیر بنانے کا اختیار حاصل ہے۔دفتر وزیراعظم نے اعلان کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے چند وفاقی وزرا کے قلمدانوں میں تبدیلی کی منظوری دی ہے جن کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد ہی جاری کیا جائے گا۔ان کے علاوہ جن وزرا کے قلمدان میں تبدیلیاں کی گئی ہیں ان میں موجودہ وزیر برائے انسداد منشیات اعظم سواتی کو وزیر ریلوے اور موجودہ وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کو وزیر انسداد منشیات کا عہدہ تفویض کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ حفیظ شیخ اس سے قبل وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ کے عہدے پر فائز تھے جنہوں نے آج ہی وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی 3 سال سے بھی کم مدت کے دوران وفاقی کابینہ میں تیسری مرتبہ بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں