لندن: برطانیہ میں خدمات انجام دینے والے پاکستان نژاد ماہرِ قلب و سینہ سرجن کو نیو ایئر آنرز لسٹ میں شامل کرتے ہوئے آرڈر آف دی برٹش ایمپائر (او بی ای) سے نوازا گیا ہے، جو ان کی پیشہ ورانہ مہارت، تعلیمی خدمات اور فلاحی کاموں کا اعتراف ہے۔
پروفیسر سید سعید اشرف، جو ویلز کے شہر سوانسی میں مورِسٹن اسپتال میں کنسلٹنٹ کارڈیو تھوراسک سرجن کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، کو یہ اعزاز کارڈیک سرجری، بیرونِ ملک سرجنز کی تربیت اور علمی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ اس اعزاز کا اعلان سوانسی بے یونیورسٹی ہیلتھ بورڈ نے نئے سال کی آمد پر کیا۔
ہیلتھ بورڈ کے مطابق پروفیسر سید سعید اشرف ایک ممتاز معالج ہیں جو ترقی پذیر ممالک میں جان بچانے والی طبی مہارت فراہم کرتے ہیں۔ وہ ہر سال اپنی سالانہ چھٹیاں پاکستان میں رضاکارانہ طور پر پیچیدہ دل کے آپریشن کرنے کے لیے وقف کرتے ہیں اور کراچی کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز میں خدمات انجام دیتے ہیں۔
پروفیسر اشرف بالخصوص ان نوجوان مریضوں کا علاج کرتے ہیں جو ریمیٹک والوولر ہارٹ ڈیزیز میں مبتلا ہیں، یہ بیماری مغربی ممالک میں اب نایاب ہے مگر جنوبی ایشیا میں اب بھی عام پائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ وہ پاکستان میں زیرِ علاج افغان مہاجرین کو بھی مفت دل کے علاج کی سہولت فراہم کرتے رہے ہیں۔
ایک چھ ہفتوں کے طبی مشن کے دوران انہوں نے ہفتے کے ساتوں دن کام کیا جبکہ اتوار کے روز پاکستانی اور افغان سرجنز کو ویٹ لیبز میں عملی تربیت دی۔ ان میں سے متعدد تربیت یافتہ سرجنز بعد ازاں مختلف اضلاع کے اسپتالوں میں تعینات ہو گئے، جس سے خصوصی کارڈیک علاج کی سہولیات کا دائرہ وسیع ہوا۔ پروفیسر سید سعید اشرف نے اعزاز پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اعزاز پر نہایت شکر گزار اور عاجز ہیں اور یہ خدمات اس ملک کو لوٹانے کی ایک کوشش ہیں جہاں سے انہوں نے اپنے طبی کیریئر کا آغاز کیا۔









