کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کی کارکنان کوگھروں کو واپس جانے کی ہدایت

لاہور(نیوز ڈیسک) کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل اپی) کے قائد حافظ محمد سعد رضوی نے کہا ہے کہ تمام کارکنان پر امن طور پر اپنے اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک خط شیئر کی گیا۔جس پر انہوں نے لکھا کہ حافظ محمد سعد رضوی کی تازہ ترین سٹیمنٹ اس بیان میں حافظ محمد سعد نے شوریٰ ممبران کے نام پیغام لکھتے ہوئے کہا کہ میں تمام شوریٰ ممبران اور کارکنان تحریک لبیک یا رسول اللہ سے

مخاطب ہوں اور یہ اپیل کرتا ہوں کہ ملکی مفاد اور عوام الناس کی خاطر کوئی غیر قانونی قدم نہ اٹھایا جائے۔حافظ سعد رضوی نے کہا کہ تمام احتجاجی جلسے اور روڈ بلاک فی الفور ختم کیے جائیں، تمام کارکن پر امن طور پر گھروں کو واپس چلے جائیں ، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کیا جائے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ مرکز و مسجد رحمۃ اللعالمین کے باہر بھی احتجاج اور دھرنا فی الفور ختم کر دیا جائے۔واضح رہے کہ ٹی ایل پی کو انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت کالعدم قرار دیا گیا، تحریک لبیک کو کالعدم قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تحریک لبیک ملک میں دہشتگردی اور دوسرے گھناؤنے جرائم میں ملوث ہے۔ پیمرا نے بھی کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی ہرقسم کی میڈیا کوریج پرپابندی لگا دی ہے، پیمرا نے پابندی اس لیے لگائی ہے کہ وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ لہذا پیمرا کے ریگولیشن اور ضابطہ اخلاق کے تحت کالعدم تنظیموں کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں