پشاور(نیوز ڈیسک) پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا اور کل پہلا روزہ ہوگا۔ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت پشاور میں ہوا جب کہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور کراچی میں ہوا۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیر آزاد کچھ دیر بعد پریس کانفرنس میں حتمی اعلان کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔وزارت سائنس وٹیکنالوجی اور رویت ہلال ریسرچ کونسل نے
پہلے ہی پیشن گوئی کردی تھی کہ آج رمضان المبارک کا چاند نظر آجائے گا اور ملک بھر میں بدھ کے روز ایک ہی دن پہلا روزہ ہونے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے لہٰذا آج وہاں پہلا روزہ ہے جب کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے مسجد الحرام میں نماز تراویح کی اجازت دیدی ہے۔خیال رہے کہ وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے کہا تھا کہ اس سال پوری قوم ایک ساتھ روزہ رکھے گی اور ایک ساتھ عید منائے گی۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری پہلے ہی پیشگوئی کر چکے ہیں کہ بدھ کو پہلا روزہ ہو گا۔









