اسلام آباد (نیوز ڈیسک)حکومت پنجاب نے کرونا وبا کی تیسری لہر کے باعث شہروں میں جاری اسمارٹ لاک ڈاؤن میں مزیددو ہفتوں کی توسیع کردی ہے۔پنجاب سمیت ملک بھر میں کرونا وبا کی تیسری لہر کی ہلاکت خیزی جاری ہے، روزانہ سو سے زائد افراد اس مہلک وبا کا شکار ہورہے ہیں اور اسپتالوں پر شدید دباؤ آچکا ہے۔ایسی صورت حال میں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے پنجاب کے سولہ شہروں میں جاری اسمارٹ لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کردی ہے اور اس کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن والے شہروں میں لاہور، راولپنڈی،
ملتان، فیصل آباد، سرگودھا،گوجرانوالہ شامل ہیں، اس کے علاوہ آٹھ فیصد سے زائد کیسز والےشہروں میں رحیم یارخان، بہاولپور، بہاولنگر، چنیوٹ، حافظ آباد، قصور، ننکانہ صاحب، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگ اور شیخوپورہ شامل ہیں۔محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق یکم اپریل سےلگایاگیا اسمارٹ لاک ڈاؤن چھبیس اپریل تک نافذالعمل رہےگا،آٹھ فیصد سے زائدمثبت شرح والےشہروں میں تقریبات پر پابندی ہوگی اور ان شہروں میں مزار بھی بند رہیں گے۔جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق پنجاب میں ٹرین سروس ستر فیصد مسافروں کے ساتھ جاری رہے گی، پنجاب میں کاروباری مراکز شام چھ بجےبند جبکہ ہفتہ اوراتوار کو مکمل بند رہیں گے۔جاری کردہ اعلامیے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں ہسپتال سمیت تمام میڈیکل سروسز، میڈکل سٹورز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے جبکہ دودھ اور گوشت کی دکانیں، بیکریاں صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔ لاک ڈاؤن والے علاقے میں پیٹرول پمپس صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک کُھلیں گے جبکہ گروسری سٹورز، جنرل اسٹورز اور آٹا چکیاں، فروٹ اور سبزیوں کی دکانیں بھی صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک کُھلی رہیں گی۔









