لاہور(نیوز ڈیسک) ملک کے کئی شہروں میں بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ چکی ہیں۔ لاہور اور راولپنڈی کے داخلی خارجی راستے بلاک ہیں جبکہ موٹرویز کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہے۔ لاہور ہائیکورٹ چوک، ریگل چوک، آؤٹ فال روڈ، یتیم خانہ چوک، خیابان چوک، داروغہ والا چوک اور قائداعظم انٹرچینج تک ٹریفک کا نظام مفلوج ہو چکا ہے۔ فیصل آباد کی مختلف شاہراہوں کی بندش کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں کی سڑکیں بلاک ہونے کی وجہ سے فیض آباد، مری روڈ، راول ڈیم، لیاقت باغ، کشمیر چوک اور ترنول سمیت مختلف مقامات پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ چکی ہیں۔منگلا پل کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پتوکی روڈ بلاک ہونے سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں، گرمی میں مسافروں کا برا حال ہے۔پھول نگر میں احتجاج کے باعث دونوں اطراف سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ چکی ہیں۔ جہلم میں جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے بلاک کر دیا گیا ہے۔ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ٹی ایل پی کارکنان نے کراچی میں بھی نمائش چورنگی، بلدیہ ٹائون، ٹاور، فرانسیسی سفارت خانہ کلفٹن، فریسکو چوک، جامع کلاتھ، ایئر پورٹ ناتھا خان پل، فائیو اسٹار چورنگی، کورنگی 4 نمبر، سہراب گوٹھ، گورنر ہائوس، ملیر،بن قاسم ٹائون اور پریس کلب کے سامنے دھرنا دینے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ جب کہ لاہہور میں بھی 23مقامات پر دھرنا جاری ہے ۔ ٹی ایل کی جانب سے کراچی، لاہور راولپنڈی و اسلام آباد کی اہم شاہراہوں پر دھرنے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔دریں اثنا جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ سعد رضوی کی گرفتاری کی شدید مذمت ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ ’ناموس رسالت اور ناموس صحابہ امت مسلمہ کا اثاثہ ہے، بیرونی دباؤ پر ناموس رسالت کے قانون میں ترمیم کی مخالفت کرنے والوں کو گرفتاریوں سے نہیں ڈرایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ سعد رضوی کی بلاجواز گرفتاری حکومت کا شرمناک اقدام ہے، اگر انہیں رہا نہیں کیا گیا تو احتجاج کی کال دیں گے۔









