پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس، بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم کا شوکاز پھاڑ کر پھینک دیا

کراچی(نیوز ڈیسک) پی ڈی ایم میں دراڑیں مزید گہری ہونے لگیں۔ پیپلز پارٹی کے سی ای سی اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے شاہد خاقان عباسی کا جاری کردہ شوکاز پھاڑ کر پھینک دیا۔ذرائع کے مطابق شوکاز نوٹس پھاڑنے پر اجلاس کے شرکا کی جانب سے تالیاں بجائی گئیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم سیاست عزت کے لئے کرتے ہیں، عزت سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔تفصیل کے مطابق بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے زیر صدارت پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور مستقبل میں اپوزیشن کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران آئی ایم ایف ڈیل، ملکی معیشت اور سٹیٹ بینک آرڈیننس پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ پی ڈی ایم کی جانب سے استعفوں کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی پالیسی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں عوام کا مقدمہ لڑیں گے۔پیپلز پارٹی کے اہم اجلاس میں ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، سینیٹر شیری رحمان اور فرحت اللہ بابر سمیت دیگر اہم پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اس بات پر فیصلہ نہیں ہو سکا کہ پی ڈی ایم میں رہناچاہیے یا نہیں؟ سی ای سی کا اجلاس پیر کو بھی جاری رہے گا۔اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی رہنماؤں نے پی ڈی ایم اتحاد کے حوالے سے مختلف تجاویز دیں۔ بعض ارکان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سے بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہیں۔ جبکہ کچھ کا کہنا تھا کہ اے این پی جیسے سخت فیصلے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور پیپلزپارٹی کو شوکاز نوٹس بھیجے گئے تھے جس کے بعد اے این پی نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔اے این پی کے قائمقام صدر امیر حیدر ہوتی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے نائب صدر کے عہدے سے استعفی دیتا ہوں، میاں افتخار بھی مزید پی ڈی ایم کے ترجمان نہیں ہوں گے۔

امیر حیدر ہوتی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کب ایک واحد جماعت بن گئی ہے؟ شوکاز نوٹسز ایک سیاسی جماعت کے اندر دیے جاتے ہیں، اے این پی کے کسی فرد کو شوکاز نوٹس صرف اسفندیار ولی ہی دے سکتے ہیں، کسی کو یہ اختیار نہیں کہ ہمیں شوکاز نوٹس دے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہونے والی تنقید کے بعد کراچی کے حلقہ این اے 249 میں مسلم لیگ ن کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں