لاہور(نیوز ڈیسک)جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ دوست تھے، دشمنی کی طرف کیوں دھکیلا جا رہا ہے، انتقامی کارروائی کیوں ؟ وفاداری کا ایک سال سے امتحان لیا جا رہا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو میں شکوے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف ایک نہیں، 3 ایف آئی آرز درج ہیں، ایک سال سے چپ ہوں، ظلم بڑھتا جا رہا ہے، ملک کی 80 شوگر ملز میں سے انہیں صرف جہانگیر ترین نظر آیا، میں پوچھتا ہوں آخر یہ انتقامی کارروائی کیوں ہو رہی، وجہ کیا ہے ؟ میری وفاداری کا امتحان لیا جا رہا ہے۔جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں،
میرے اور میرے بیٹے کے اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے، اکاؤنٹ کیوں منجمد کیے، اس سے کیا فائدہ، کون کر رہا ہے ؟ وقت آگیا ہے کہ انتقامی کارروائی کو بے نقاب کیا جائے، تحریک انصاف میں شامل ہوں اور رہوں گا، میری راہیں تحریک انصاف سے جدا نہیں ہوئی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں جہانگیر ترین نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ سازشی عناصر کو وزیر اعظم عمران خان، مخلص ووٹر اور دیگر رہنما خود بے نقاب کریں۔رہنما پی ٹی آئی راجہ ریاض نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان کو ایکشن لینا چاہیے۔ نقصان تحریک انصاف کو پہنچ رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنے بہترین اور جان نثار دوست کے خلاف زیادتی بند کرائیں۔راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے میں اہم کردار جہانگیر ترین کا ہے۔ کچھ لوگ جہانگیر ترین کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے بعد عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے میں اہم کردار جہانگیر ترین کا ہے۔ جہانگیر ترین مثبت کردار ادا نہ کرتے تو عمران خان قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ نہ لےسکتے۔









