ترجمان پاک فوج نے دھاندلی کا الزام لگانے والوں کو دوٹوک پیغام دیدیا

راولپنڈی(نیوز ڈیسک) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے، کسی کو الیکشن پر شک ہے تو متعلقہ اداروں سے رجوع کریں، فوج حکومت کا ایک ذیلی ادارہ ہے، حکومت پاکستان نے تمام باتوں کا بہتر جواب دیا ہے۔ جی ایچ کیو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آپ کو بلانے کا مقصد تقریباً ایک دہائی کے چیلنجز اور مختلف امور سے متعلق میڈیا کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فوج کو سیاسی معاملات میں نہ آنے کی ضرورت ہے، نہ گھیسٹنے کی کوشش کرنی چاہیے، کسی سے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں،

ہمیں اس معاملے سے دور رکھا جائے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ جس نوعیت کے الزامات لگائے جارہے ہیں ان میں کوئی وزن نہیں، حکومت وقت نے فوج کو الیکشن کرانے کی ذمہ داری سونپی، فوج نے پوری ذمہ داری اور دیانتداری سے الیکشن کرائے، پھر بھی کوئی شک ہے تو متعلقہ اداروں سے رجوع کیا جائے، الزامات لگانا اچھی بات نہیں ،فوج حکومت کا ذیلی ادارہ ہے،حکومت تمام الزامات کا بہتر انداز میں جواب دے رہی ہے۔جی ایچ کیو میں پریس کانفرنس کے دوران میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پاک فوج بھارتی عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پر عزم ہے۔ ملکی مجموعی صورتحال پر سب کو آگاہی دینا چاہتے ہیں۔ رواں سال کورونا، معیشت اور سیکیورٹی مسائل کا سامنا رہا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ امریکہ سمیت تمام ممالک سے پاکستان کےاچھے تعلقات ہیں، پاکستان اور افغانستان سرحد پر باڑ لگانے میں بھی ہم نے قربانیاں دی ہیں، پاک افغان سرحد پر باڑحکومت کی درخواست پر لگائی گئی۔انہوں نے کہا کہ بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستان پرامن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو، گزشتہ 10 سال ہر لحاظ سے چیلنجز والے ثابت ہوئے، گزشتہ دہائی سے ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزیاں جاری تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشن کیے گئے،چیلنجز کے باوجود متحد ہو کر مشکلات کا مقابلہ کیا، بھارت کے مذموم عزائم کی نشاندہی کی اورمقابلہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں