اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 59 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 073 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 68 لاکھ 84 ہزار 940 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید ایک ہزار 947 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 90 ہزار 476 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق
اب تک سندھ میں 2 لاکھ19 ہزار 452 ، پنجاب میں ایک لاکھ 41 ہزار 393، خیبر پختونخوا میں 59 ہزار 729، اسلام آباد میں 38 ہزار 395، بلوچستان میں 18 ہزار 254، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 383 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 870 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد35ہزار707ہوگئی ہے۔ جب کہ2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 59 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 10 ہزار 409 ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں ایک ہزار 903 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 44 ہزار 360 ہوگئی ہے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں متعدد امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پریس کونسل آف پاکستان کے ممبران کی تقرری، پاکستان ایکسپو سینٹرز کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز اور فش پراسیسنگ پلانٹس کی رجسٹریشن سے متعلق انسپکشن کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دے دی گئی۔ کابینہ نے ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق کمیٹی کے 17 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق اور نوشہرہ میں ریلوے اور وزارت دفاع کے درمیان کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر کا معاملہ موخر کردیا۔کابینہ نے کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے پیپرا رولز سے استثنیٰ اور کورونا ویکسین کے حصول کے لیے ڈیوٹی چھوٹ کی منظوری دے دی۔









