اسلام آباد(نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دنیا کی کوئی قوت پاکستان کوختم نہیں کرسکتی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ٹوئٹ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بابائے قوم کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم قائداعظم کا یوم پیدائش بھرپور جوش و جذبہ سے منارہی ہے۔پاک فوج کے سربراہ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ قوم قائد کی امید، جرات اور اعتماد کے پیغام پر عمل پیرا ہے، ایمان ، اتحاد، نظم و ضبط ہمیشہ ہمارے بنیادی اصول رہے جب کہ دنیا کی کوئی قوت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی۔
صدرمملکت عارف علوی نے قائداعظم محمدعلی جناح کو ان کے یوم ولادت پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہم پاکستان کوخوشحال بنانے کیلئے قائداعظمؒ کے نظریات پرعمل کرنے کا عہد کرتے ہیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قائداعظمؒ پاکستان میں اقلیتوں کےحقوق کےحامی تھے اور ہم بھی ایسی ریاست چاہتےہیں جہاں تمام شہریوں کویکساں مواقع مہیا ہوں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا محمد علی جناح کا یوم پیدائش قابل فخر قوم کے وجود میں آنے کا دن ہے۔ مجھے خوشی ہے ایک آزاد ماحول میں آنکھیں کھولیں۔ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے قائداعظم کا ایک وژن تھاا۔عمران خان نے کہا بطور قوم کا نمائندہ میں قائداعظم سے عقیدت اورمحبت کا اظہارکرتا ہوں۔ جدید تاریخ میں بہت کم لوگ ایسے ہیں جنہیں قائداعظم جیسی مقبولیت ملی۔قائد اعظم محمد علی جناح کا145واں یوم پیدائش آج ملی یکجہتی سے منایا جارہا ہے۔ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوا جس میں قائد اعظم کی روح کے ایصال ثواب کیلیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ان کے یوم ولادت پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارقائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجر جنرل عمر احمد بخاری تھے۔ انہوں نے مزار قائد پر سلامی دی اور پھول چڑھائے۔









