دُبئی(نیوز ڈیسک)متحد ہ عرب امارات میں چینی کمپنی Sinopharm کی تیار کردہ کورونا ویکسین کامیاب ثابت ہو گئی، تیسرے مرحلے کے کلینیکل ٹرائلز میں اس ویکسین کو 86 فیصد کی بڑی شرح تک کارآمد قرار دیا گیا جس کے بعد اماراتی وزارت صحت نے چینی کمپنی کو امارات میں اس کے عام استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ ابوظبی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور اماراتی وزارت صحت کے ایک تجزیئے میں بتایا گیا ہے کہ 99 فیصدافراد میں اس ویکسین کو لگوانے کے بعد اینٹی باڈیز پیدا ہوئے جبکہ کورونا کی شدید اور درمیانی درجے کی علامات پیدا ہونے سے روکنے میں 100 فیصد کامیابی حاصل ہوئی۔
اس ویکسین کے استعمال کے کوئی مضر اثرات سامنے نہیں آئے۔ امارات میں سینو فارم ویکیسن کا استعمال گرمیوں میں تجرباتی بنیادوں پر شروع ہوا تھا، جس دوران 31 ہزار سے زائد افراد نے یہ ویکسین لگوائی۔اس کے علاوہ بحرین اور اُردن میں بھی اس ویکسین کے محدود پیمانے پر کلینیکل ٹرائل کیے گئے۔ یہ ویکسین بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پراڈکٹس نامی تحقیقی ادارے اور سینو فارم کی جانب سے مشترکہ طور پر تیار کی گئی ہے۔سینو فارم چین کے بڑے ادویہ ساز اداروں میں سے ایک ہے۔ متحدہ عرب امارات میں اس ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت ستمبر 2020ء میں دی گئی ۔ جس کے بعد ابتدائی طور پر فرنٹ لائن میڈیکل ورکرز، سرکاری طبی اداروں کے عہدے دار، ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں اور دُبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد سمیت کئی وزراء نے بھی یہ ویکسین لگوائی ہے۔اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ امارات میں چار ویکسین کے ٹرائلز کیے گئے جن میں امریکا اور جرمنی کی تیار کردہ فائزر، امریکی ساختہ موڈرنا، برطانوی آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایسترا زینکا اور روسی سپٹنک V ویکسین شامل ہے۔چینی ویکسین ابوظبی میں Seha کے زیر انتظام ہسپتالوں اور کلینکس میں رضاکاروں کو اس ہفتے سے لگائی جائے گی۔ تاہم اس کا امارات بھر میں استعمال سے متعلق اعلان ہونا باقی ہے۔ ابوظبی کی جانب سے روسی ویکسین سپتنک V کے بھی تیسرے مرحلے کے کلینکل ٹرائلز کا اعلان کیا گیا ہے۔ جو پہلی بار لگانے کے بعد دوسری بار 20 روز کے وقفے سے لگائی جائے گی۔واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا
وائرس کے سبب دنیا میں 6 کروڑ 85 لاکھ 61 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 15 لاکھ 62 ہزار 879 اموات ہو چکی ہیں۔دنیا میں کورونا کے 4 کروڑ 74 لاکھ 57 ہزار 633 مریض صحتیاب ہو چکے اور ایک کروڑ 95 لاکھ 40 ہزار سے زائد زیرعلاج ہیں۔امریکہ میں کورونا کی صورتحال سب سے خوفناک ہے جہاں 2 لاکھ 93 ہزار 398 اموات ہو چکی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 114 افراد ہلاک ہوئے اور ایک کروڑ 55 لاکھ 91 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔بھارت کورونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 404 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد بھارت میں اموات کی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 398 اور 97 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔