سعودی مفتی اعظم نے بھی ویکسین لگوا لی،مسلم امہ کیلئے اہم پیغام جاری

مکہ مکرمہ (نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں بھی گزشتہ چند روز سے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔ ابھی تک بہت سے سعودی عوام ویکسین لگوانے کے حوالے سے مخمصے کا شکار ہیں۔ جس کی ایک بڑی وجہ ویکسین کے حلال یا حرام ہونے کے حوالے سے اسلامی دُنیا میں پھیلایا جانے والا منفی پراپیگنڈہ ہے۔ سعودی عرب کی ایک انتہائی اہم مذہبی شخصیت نے بھی ویکسین لگوا کر ان تمام اندیشوں کو غلط ثابت کر دیا ہے۔سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے بھی کورونا سے بچاؤ کے لیے فائزر بائیو این ٹیک کی ویکسین لگوا لی۔

شیخ عبدالعزیز ویکسین کا انجکشن لگوانے کے لیے ریاض ویکسی نیشن سنٹر پہنچے۔ جہاں ویکسین لگوانے کے بعد انہوں نے اُمت مُسلمہ کو پیغام دیا ”ویکسین اللہ کی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ وبا سے تحفظ کی خاطر ہر ایک کو ویکسین لازمی لگوانی چاہیے۔حکومت کی جانب سے شہریوں اور تارکین وطن کے لیے ویکسین کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس سے ہر ایک کو جلد از جلد استفادہ کرنا چاہیے۔ واضح رہے کہ سعودیہ کی نوجوان نسل شہزادہ محمد بن سلمان سے خاص اُنسیت اور لگاؤ رکھتی ہے اور انہیں سعودی تاریخ کا اہم رہنما مانتی ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان کے سعودی عرب پرگہرے اثرات کا اندازہ اس ایک بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب تک سعودی عوام کی بڑی گنتی کورونا ویکسین لگوانے سے گھبرا رہی تھی، تاہم جونہی میڈیا پر ولی عہد کی ویکسین لگوانے کی تصویریں اور ویڈیو سامنے آئیں۔سعودی عوام نے بھی بلاجھجک ویکسین لگوانے کا فیصلہ کر لیا۔چند گھنٹوں کے اندر ویکسین کے لیے رجسٹریشن کروانے والوں کی گنتی میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا۔ سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے مطابق ولی عہد کے ویکسین لگوانے کی دیر تھی، جس کے بعد ویکسی نیشن کی رجسٹریشن میں یکایک پانچ گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ جبکہ ویکسین لگوانے والوں کی گنتی میں بھی تین گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ڈاکٹر توفیق نے ولی عہد کی طرف سے ملک میں کرونا وبا پر قابو پانے کی کوششوں اور ویکسینوں کی فراہمی میں دلچسپی کا مظاہرہ کرنے پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ولی عہد نے جمعہ کی شام کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی تھی۔ ویکسین لگوائے جانے کی ایک تصویر اور ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر لوگوں کی جانب سے بے حد خوشی کا اظہار کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں