میانوالی (نیوز ڈیسک) میانوالی میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد کو لاحق ایک پُر اسرار بیماری جان لیوا ثابت ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق وادی نمل کے گاؤں تھل ٹیگووال میں ایک ہفتے کے دوران ایک ہی خاندان 6 افراد پُر اسرار طور پر انتقال کر گئے۔ میڈیا رپورٹس میں یہ انکشاف سامنے آیا کہ اس خاندان کے افراد کو ایک ہفتے تک شدید بخار رہا جس کے بعد وہ ایک سے دو روز میں انتقال کر گئے۔محکمہ صحت کے عہدیداران نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وہاں کا دورہ کیا اور ٹیسٹ کیے تو ان کا کووِڈ 19 کا ٹیسٹ منفی آیا۔ مرنے والوں کے علاوہ مذکورہ خاندان کے دیگر افراد نے
بھی اسی قسم کی علامات کی شکایت کی، اب تک 5 خواتین اور ایک بچہ انتقال کرچکا ہے جبکہ دیگر 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔پُر اسرار بیماری کی اطلاع ملتے ہی ضلعی محکمہ صحت کی ٹیمیں متاثرہ خاندان کے پاس آئیں لیکن بیماری کی تشخیص کرنے میں ناکام رہی البتہ مریضوں کے خون کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں۔دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق پاکستان میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہزار 603 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 29 ہزار 280 تک پہنچ چکی ہے۔پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ 74 ہزار 301 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں اور 46 ہزار 376 زیر علاج ہیں۔کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 265 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 3 ہزار 99، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 439، اسلام آباد میں 348، گلگت بلتستان میں 98، بلوچستان میں 171 اور آزاد کشمیر میں 183 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 33 ہزار 695، خیبر پختونخوا میں 50 ہزار 762، سندھ میں ایک لاکھ 89 ہزار 687، پنجاب میں ایک لاکھ 25 ہزار 250، بلوچستان میں 17 ہزار 604، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 517 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 765 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔