پشاور (نیوز ڈیسک) پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کیلئےآکسیجن سپلائی ختم، 7 مریض انتقال کر گئے ۔ تفصیلات کے مطابق خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن سپلائی ختم ہونے پر 7 مریض انتقال کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جاں بحق ہونے والے افراد میں زیادہ تعداد کورونا مریضوں کی ہے ۔ آکسیجن کی کمی کے باعث آکسیجن سلنڈر بروقت نہ پہنچنے پر مریض جاں بحق ہوئے ۔خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں آکسیجن سلنڈر راولپنڈی سے منگوائے جاتے ہیں ۔ آکسیجن سلنڈر منگوائے جا رہے تھے لیکن تاخیر کے باعث مریض جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ
افراد میں زیادہ ترکورونا کے مریض تھے۔ گزشتہ رات آکسیجن کی سپلائی کم پڑگئی تھی ۔ترجمان کے ٹی ایچ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس کورونا مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔جس کے باعث ہسپتال میں آکیسجن ختم ہو گئی ۔ مزید اس بارے میں ہسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور ایم ایس میڈیا کو آگاہ کریں گے ۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ واقعے سے متعلق 48گھنٹے کے اندر انکوائری کا حکم دیا ہے، ذمہ داروں کو سامنے لا کر ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ایسے واقعات سے پورے ادارے کی بدنامی ہوتی ہے،واقعے سے متعلق 48گھنٹے کے اندر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔