تعلیمی ادارے کب سے کھولے جائیں گے، شفقت محمود نے اہم ترین اعلان کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلہ 4 جنوری کو بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں کیا جائے گا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوشش ہے تعلیمی ادارے جلد کھولے جائیں۔ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس 4 جنوری کو ہوگی۔ کانفرنس میں تعلیمی سال اگست میں شروع کرنے سے متعلق مشاورت بھی ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں شفقت محمود نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان میں اتنی طاقت نہیں کہ یہ کچھ کرسکیں۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسلام آباد میں مانومنٹ میوزیم کا دورہ کیا اور قائد اعظم محمد علی جناح کے زیر استعمال گاڑی کی تقریب میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے ورثہ کی حفاظت کرتی ہیں۔ پاکستان بننے میں قائد اعظم کا کلیدی کردار تھا۔ آج کے دن قائد اعظم کی لیڈرشپ کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔شفقت محمود نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ پاکستان ہمارا ملک ہے۔ قائد اعظم کی زندگی سے ہمیں بہت کچھ سیکھنا ہے۔ نئی نسل کو کہتا ہوں کہ قائد کی زندگی سے سیکھیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت میں فسطائی حکومت مسلمانوں اور کشمیر پر ظلم کر رہی ہے۔دوسری جانب جیونیوز کے پروگرام ’ جیوپاکستان‘ میں گفتگو کرتےہوئے سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نےکہا کہ کورونا وائرس میں کمی ابھی نہیں آرہی اور مجھے نہیں لگتا 11 جنوری سے اسکول کھل سکیں گے۔انہوں نےکہا کہ این سی او سی میں تجویز دی تھی کہ اسکولوں کو قرض دیا جائے تاکہ وہ چلتے رہیں ، وفاقی حکومت کو نجی اسکولوں سے بات کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے آغاز کے بعد حکومت نے ملک بھر میں 26 نومبر سے تعلیمی ادارے بند کردیے تھے جنہیں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد 11 جنوری سےکھولنے کا اعلان کیا گیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں