صرف 9ماہ میں بیرونی قرضے میں کتنے ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا،ہوشربا تفصیلات منظر عام پر آگئیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے بیرونی قرضوں کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے بیرونی قرضوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں، جس کے تحت جولائی سے مارچ 2021 تک حکومت نے 7 ارب 41 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا بیرونی قرضہ حاصل کیا، اور رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پاکستان نے 4 ارب 86 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا قرض واپس بھی کیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ارب 34 کروڑ 90 لاکھ ڈالر بجٹ سپورٹ کی مد میں حاصل کئے گئے،3 ارب 12 کروڑ ڈالر کمرشل قرضوں کی ادائیگی

کیلئے حاصل کئے گئے، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ایک ارب 35 کروڑ ڈالر بیرونی قرضہ لیا گیا،43 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اجناس کی فنانسنگ کیلئے حاصل کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق چین نے پاکستان کو سیف ڈیپازٹ کی مد میں ایک ارب ڈالر فراہم کئے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 1ارب 24 کروڑ 70 لاکھ ڈالر قرض فراہم کیا، عالمی بینک نے 2 ارب 25 کروڑ ڈالر میں سے پاکستان کو 93 کروڑ80 لاکھ ڈالر قرض دیا، فرانس نے 3 کروڑ 48 لاکھ ڈالر، امریکہ نے 8 کروڑ 62 لاکھ اور چین نے 14 کروڑ 75 لاکھ ڈالر قرض فراہم کیا۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ رواں مالی سال جولائی تا اپریل محصولات 14 فیصد اضافے سے 3780 ارب تک پہنچ گئیں، ٹیکس محصولات میں اضافے پر ایف بی آر قابل تعریف ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ایف بی آر نے اپریل 2021 میں 384 ارب کے محصولات اکٹھےکیے جب کہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 240 ارب روپے اکٹھے ہوئے تھے۔ اس طرح ایک ماہ کے دوران اپریل 2020 کے مقابلے محصولات میں 57 فیصداضافہ ہوا۔ حکومتی پالیسیوں سے ظاہر ہوتا ہے معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں