حکمرانوں کو بتا دیں جبرکی رات کٹ چکی،مریم نواز

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ 13 دسمبر صرف جلسے کا نہیں بلکہ فیصلے کا دن ہے، فیصلہ اپنے حق کے حصول کا یا پھر بدترین حالات کے ساتھ سمجھوتے کا ہوگا، گھروں سے نکلیں اور بھرپور شمولیت سے حق کے فیصلے پر مہر ثبت کردیں، جعلی حکمرانوں کو بتادیں جبر کی رات کٹ چکی ۔انہوں نے کارکنان، سپورٹرز اور ووٹرز کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جس مقام پر حق اور سچ کے ساتھ کھڑے لوگوں نے قرارداد مقاصد منظور کی، وہیں حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہوکر انشاء اللہ نئی تاریخ رقم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 13دسمبر صرف جلسے کا نہیں بلکہ فیصلے کا دن ہے، فیصلہ اپنے حق کے حصول کا یا پھر بدترین حالات کے ساتھ سمجھوتے کا فیصلہ کرنا ہوگا۔مہنگائی کے عذاب کیخلاف ، معیشت اور روزگارکی تباہی کیخلاف ،

آٹا چینی کی چوری کے خلاف ، 90 روپے کلو آٹا، 115روپے فی کلو چینی ، مہنگی گیس بجلی اور کشمیر کے سودے کیخلاف ہوگا، اسی طرح ہسپتالوں کے مفلوج نظام اور مہنگی ادویات کیخلاف فیصلے کا دن ہوگا۔جبر مسلسل اور جھوٹے مقدمات اور طلباء کے وظائف کی معطلی اور آئین و پارلیمان کی معطلی کیخلاف فیصلہ آپ نے کرنا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ اب تک عوام نے جس طرح پی ڈی ایم کے جلسوں میں حکومتی جبر اور بربریت کو ہٹ دھرمی کو اپنے جذبہ عظیم سے شکست دی وہ بے مثال ہے، گھروں سے نکلیں اور بھرپور شمولیت سے اس فیصلے پر مہر ثبت کردیں۔ ان جعلی حکمرانوں کو بتادیں کہ جبر کی رات کٹ چکی اب انشاء اللہ ایک آذاد صبح ہونے کو ہے، ہمارا یہی سفر ہم سب کو نجات کی منز ل تک لے کر جارہا ہے، اب سب سے ملاقات 13دسمبر کو مینارپاکستان پر ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں